کوٹلی (کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات 2026ء کے پرامن، شفاف اور منظم انعقاد کے سلسلے میں میرپور ڈویژن کے ضلع کوٹلی میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ، الیکشن کمیشن، پولیس اور متعلقہ اداروں نے باہمی تعاون سے پولنگ کے عمل کو کامیاب بنانے کیلئےتمام ضروری انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ضلع کوٹلی کے چھ قانون ساز اسمبلی حلقوں میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 47 ہزار 383 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 3 لاکھ 38 ہزار 549 مرد اور 3 لاکھ 8 ہزار 834 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ضلع کوٹلی میں مجموعی طور پر 1 ہزار 98 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ 1 ہزار 789 پولنگ بوتھ ووٹرز کی سہولت کیلئے بنائے گئے ہیں، جن میں 683 مردانہ اور 683 زنانہ بوتھ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 423 مشترکہ (کمبائنڈ) بوتھ بھی قائم کیے گئے ہیں۔ انتخابی عمل کی نگرانی کیلئے 126 امیدوار مختلف حلقوں میں مدِمقابل ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر بھر میں پرامن، صاف ،شفاف اور منصفانہ انتخابات کو یقینی بنایا جائیگا،چیف سیکرٹری
حلقہ وار تفصیلات کے مطابق ایل اے VIII کوٹلی-I (راج محل) میں 90 ہزار 327 ووٹرز، ایل اے IX کوٹلی-II (فتح پور تھکیالہ) میں ایک لاکھ 3 ہزار 211، ایل اے X کوٹلی-III (سٹی کوٹلی) میں 87 ہزار 155، ایل اے XI کوٹلی-IV (سہنسہ) میں ایک لاکھ 24 ہزار 664، ایل اے XII کوٹلی-V (چرہوئی) میں ایک لاکھ 26 ہزار 332 جبکہ ایل اے XIII کوٹلی-VI (کھوئی رٹہ) میں ایک لاکھ 15 ہزار 694 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے پولنگ اسٹیشنز پر سکیورٹی، پینے کے صاف پانی، بجلی، طبی امداد، مواصلاتی سہولیات اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام بنیادی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سکیورٹی پلان بھی مرتب کیا گیا ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:میرپور ڈویژن انتخابات: چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل کی عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل
ضلعی انتظامیہ اور الیکشن کمیشن نے تمام ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ وقت پر اپنے قومی شناختی کارڈ کے ہمراہ پولنگ اسٹیشن پہنچ کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں اور پرامن، شفاف اور جمہوری عمل کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔




