این ڈی ایم اے

آزادکشمیر،بارشوں کے دوران مختلف حادثات میں 7افراد جاں بحق

آزاد جموں و کشمیر میں جاری مون سون بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

ڈائریکٹر ایچ ڈی ایم اے اور انچارج ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک مختلف حادثات میں 7افراد جاں بحق جبکہ 2افراد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ بارشوں سے متعدد مکانات اور دکانوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بارشوں سے کہاں اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے؟

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو 1122 اور متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت عوام کی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بروقت آگاہ کرنے کے لیے ایس ایم ایس الرٹس اور پی ٹی سی ایل سمیت دیگر ذرائع سے حفاظتی پیغامات بھی جاری کیے جا رہے ہیں۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مون سون کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں سے دور رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو 1122 سے رابطہ کریں۔

ادھرمحکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے آزادکشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، کراچی، لاہور، خیبرپختونخوا، سندھ اورگلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

متعلقہ اداروں نے اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں جنوبی اور وسطی پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث آج شام سے پیر تک سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد ، بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات میں اضافہ، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ لاہور، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 27 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جب کہ گلگت بلتستان میں 26 جولائی اور آزاد کشمیر میں 28 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔