بارشوں سے کہاں اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے؟

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کے نئے اسپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے آزادکشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، کراچی، لاہور، خیبرپختونخوا، سندھ اورگلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

متعلقہ اداروں نے اربن فلڈنگ، فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد ، بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات میں اضافہ، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں جنوبی اور وسطی پاکستان میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے باعث آج شام سے پیر تک سندھ سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔

آزاد کشمیر میں 28 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں،اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں 26 جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی۔ لاہور، جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 27 جولائی تک بارش کا امکان ہے۔ کراچی میں 25 اور 26 جولائی کو بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، حیدرآباد، سکھر اور سندھ کے بعض دیگر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں اور سائن بورڈز کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ضروری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب سندھ میں متوقع شدید مون سون بارشوں کے پیش نظر وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

انہوں نے تمام ضلعی، ٹاؤن اور یونین کونسل انتظامیہ کو اسٹینڈ بائی رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

ادھر پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے بھی 24 سے 27 جولائی تک گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں مون سون کے دوسرے سسٹم نے بالائی علاقوں میں تباہی مچادی، سسٹم نے سندھ اور بلوچستان کو بھی لپیٹ میں لے لیا، تھرپارکر کے قریب نگرپارکر میں 80 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ عمرکوٹ، ڈھلی، چھاچھرو اور مٹھی کے علاقے پانی پانی ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:ملک میں مزید بارشوں کی پیش گوئی، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا

خیبر پختونخوا میں پٹن میں 40، ڈی آئی خان ایئرپورٹ پر 31، مالم جبہ اور باچا خان ایئرپورٹ پر 18 ملی میٹر پانی برسا، پشاور سٹی میں 15، دیربالا میں 14 اور سیدو شریف میں 13 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سیالکوٹ سٹی میں 34، گوجرانوالہ میں 16 ملی میٹر بارش ہوئی جب کہ بہاولنگر، مرید کے، فیروز والا، نارووال اور منگلا میں بھی ہلکی اور تیز بارش جاری رہی ہے۔