مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) ملک محمد بابر ایاز آزاد جموں و کشمیر بینک کے نئےصدر، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعینات کردیئے گئے، محکمہ سروسز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت آزاد جموں و کشمیر نے سلیکشن بورڈ کی سفارش پر ملک محمد بابر ایاز کی تین سالہ مدت کیلئے بطور صدر،چیف ایگزیکٹو آفیسر تقرری کی منظوری دیدی ہے۔
ملک محمد بابر ایاز فنانشل سیکٹر اور بینکنگ انڈسٹری کا ایک معتبر اور تجربہ کار نام ہے۔ انہیں کارپوریٹ، کمرشل اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ایس ایم ای بینکنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:جہلم ویلی ، پیپلزپارٹی رہنما شفیق کاظمی ،طاہر نقوی،خواجہ قادر ساتھیوں سمیت ن لیگ میں شامل
ملک بابر ایازطویل عرصے سے بینک آف پنجاب میں ایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ اور ہیڈ آف ایس ایم ای کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیںجہاں بینکنگ اور مالیاتی شعبے میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
رواں سال انہیں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے اسکول آف بزنس کے بورڈ ممبر کے طور پر بھی منتخب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، صدر آزاد جموں و کشمیر نے سلیکشن بورڈ کی سفارشات کی روشنی میں بینک آف آزاد جموں و کشمیر ایکٹ (ترمیم شدہ) 2005 کی دفعہ 11 کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے ملک محمد بابر ایاز کی تقرری کی منظوری دی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد ، بارشوں کے باعث جانی و مالی نقصانات میں اضافہ، ریسکیو 1122 ہائی الرٹ
یہ تقرری تین سال کی مدت کیلئے معاہدی (کانٹریکٹ) بنیادوں پر کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق بینک کو شیڈولڈ اسٹیٹس ملنے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مقرر کردہ فٹ اینڈ پراپر ٹیسٹ Fit and Proper Test) )کی شرائط کا اطلاق ہوگا۔
مزید برآں، نئے سی ای او کی تنخواہ اور دیگر مراعات و شرائط کا تعین بینک آف آزاد جموں و کشمیر کا بورڈ آف ڈائریکٹرز علیحدہ سے کرے گا۔ یہ سرکاری نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر (گزٹڈ) زاہد مقبول اعوان کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔




