مظفرآباد:چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفی مغل کا کہنا ہے کہ مختلف عناصر الیکشن سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں لیکن ہم پرامن الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان کے ہمراہ پریزائیڈنگ آفیسران کی تربیت کے لیے منعقدہ تربیتی مراکز کا دورہ کیا اور پریزائیڈنگ آفیسران کے اورینٹنشن سیشن سے خطاب کیا۔
یہ بھی پڑھیں:مرحلہ وار انتخابات سے شکوک و شبہات میں اضافہ ہوگا، ڈاکٹر مشتاق
تربیتی سیشن سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری منیر حسین، ریٹرننگ آفیسر سردار غضنفر خان، ریٹرننگ آفیسر آفتاب طارق میر نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ تربیتی سیشن میں جج الیکشن ٹربیونل لیاقت علی خان نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کے صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کے انعقاد میں پریزائیڈنگ افسران کا کردار نہایت اہم ہے۔
صاف اور شفاف انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کے لیے ایک چیلنج ہوتا ہے۔ پریزائیڈنگ آفیسران ایمانداری اور استقامت کے ساتھ اپنا فرض ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ پانچ سال کے لیے جو حکومت منتخب ہو گی وہ آپ کے ہاتھوں سے ہو گی۔ آپ بحیثیت سرکاری ملازم ریاستی نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ اپنا فرض ایسے ادا کریں کہ ہماری کارکردگی ہر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہم لوگوں کے لیے انتخابی عمل کو آسان بنائیں۔ آپ الیکشن ڈیوٹی کو مذہبی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔ آپ کے ہاتھوں سے جو نتائج مرتب ہو کر آئیں گے اس پر پوری دنیا یقین کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات، ن لیگ نے ایم کیو ایم سے حمایت مانگ لی
انہوں نے کہا کہ پریزائیڈنگ آفیسران کو صرف ریاست کا وفادار ہونا چاہیے نہ کہ کسی سیاسی جماعت یا امیدوار سے کوئی وابستگی نہیں ہونی چاہیے۔ مجھے امید ہے آپ اپنا فرض دیانتداری اور ایمانداری سے نبھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نےانتخابی عمل کو تین مرحلوں میں تقسیم کیا تاکہ الیکشن کروانے والا اور ووٹر دونوں محفوظ رہیں۔ آپ کی سیکورٹی کے پاک فوج، پولیس اور دیگر فورسز موجود ہونگی جبکہ کوئیک رسپانس فورس بھی بیک اپ پر ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پریزائیڈنگ آفیسران بلا خوف وخطر اپنا فرض پورا کریں۔ مختلف عناصر الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن ہم پرامن طور پر الیکشن کا انعقاد یقینی بنائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں:سردار یعقوب خان کا الیکشن کے التواء کیلئے چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال
الیکشن کے نتائج کے لیے پریزائیڈنگ آفیسران کا ابتدائی نتیجہ اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ پریزائیڈنگ آفیسران کو سیکورٹی کی فراہمی الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا۔ پریزائیڈنگ آفیسران بلا جوف وخطر اپنی ڈیوٹی سرانجام دیں۔
انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ہم آئندہ پانچ سال کے لیے ایک بااختیار حکومت بنانے میں کامیاب ہوں گے۔ یہ ہم سب نے مل کر انتخابات کا پرامن، شفاف اور غیرجانبدارنہ انعقاد یقینی بنانا ہے۔




