بلوچستان میں کارروائیاں، 10دہشتگرد ہلاک،2خواتین خودکش بمبار گرفتار

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۃ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشتگرد نیٹ ورک کے خلاف کارروائیوں میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 48 گھنٹوں کے دوران بلوچستان کے ضلع سوراب اور مستونگ میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں جس میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں:پاک فوج، ایف سی بلوچستان اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شعبان کامیابی سے جاری، مزید 4 خارجی دہشتگرد جہنم واصل

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، ضلع سوراب میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ مستونگ میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 2خواتین خودکش بمباروں سمیت ان کے سہولت کار کو حراست میں بھی لے لیا۔

پاک فوج شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے گولہ بارود اور اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ مزید دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

وزیرِاعظم شہبازشریف نے بلوچستان میں دہشت گردوں کےخلاف کامیاب آپریشن اور 2 خودکش بمبارخواتین سمیت سہولت کار کو گرفتارکرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ کسی کو بھی بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:آپریشن شعبان جاری،فتنہ الخوارج کیخلاف گھیرا مزید تنگ، 13 خارجی دہشتگرد جہنم واصل

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گرد بلوچستان اور اس کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں، مجھ سمیت قوم افواج پاکستان کے وطن کی حفاظت کے عزم میں ان کےشانہ بشانہ ہے۔