اسلام آباد : ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے اپنے سرکاری دورۂ پاکستان کے دوران اسلام آباد میں واقع پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں پہنچنے پر وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پاکستان مونومنٹ آمد پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان ایرانی وزیر داخلہ کو باضابطہ گارڈ آف آنر پیش کیا۔
یادگارِ شہداء پر حاضری اور بریفنگ:
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے پاکستان کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی ملی خدمات کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: وزن بڑھائے بغیر چاول کھانے کے لیے ماہرینِ غذائیت کی جدید تحقیق
اس موقع پر معزز مہمان کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی، قومی اہمیت اور ساخت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان مونومنٹ کی تاریخی اہمیت کی تعریف کی اور شکر پڑیاں سے اسلام آباد شہر اور مارگلہ کے دلکش پہاڑی سلسلے کے مناظر کا مشاہدہ بھی کیا۔
اس اہم دورے کے موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ سول و انتظامی حکام بھی موجود تھے۔




