فتح پور تھکیالہ ، ن لیگ کے قافلے پر فائرنگ، ایک شخص جاں بحق، 2 زخمی

فتح پور تھکیالہ کے علاقے بنالہ کے مقام پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما پروفیسر قیوم شمی کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں ملک عاشق جاں بحق ہوگئے جبکہ پروفیسر قیوم شمی اور یونین کونسل کھنڈار کے وائس چیئرمین ملک حمید شدید زخمی ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن مہم کے دوران فتح پور تھکیالہ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاںبنالہ کے مقام پر قافلے پر فائرنگ کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوٹلی : مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار ملک محمد نواز خان کے قافلے پر فائرنگ، 2 افراد زخمی

جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت ملک عاشق کے نام سے ہوئی ہے، جو فائرنگ کے نتیجے میں موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

زخمیوں میں ریٹائرڈ پرنسپل ملک عبدالقیوم اور یونین کونسل کھنڈار کے وائس چیئرمین ملک حمید شامل ہیں، جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کے لیے کوٹلی اسپتال منتقل کر دیا گیاہے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیاجبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: راولا کوٹ دھرنے پر شیلنگ اور فائرنگ کے دعوے جھوٹے، کوئی کارروائی نہیں کی گئی: ترجمان آئی جی پولیس

کچھ سوشل میڈیا اکائونٹس سے یہ دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ فائرنگ پیپلزپارٹی کےکارکنوں کی جانب سے کی گئی ہےاور مسلم لیگ(ن) کے ٹکٹ ہولڈر عمیر نعیم کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

یاد رہے کہ فتح پور تھکیالہ میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما سردار عمیر نعیم اور پیپلزپارٹی کے رہنما جاوید اقبال بڈھانوی میں سخت مقابلہ ہے ۔