مظفرآباد (پریس ریلیز): آزاد جموں و کشمیر پولیس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا مہم کے خلاف ایک انتہائی اہم اور وضاحتی پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔
ترجمان انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) آزاد کشمیر کے مطابق، آج صبح سے سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر ایک منظم پروپیگنڈا مہم چلائی جا رہی ہے، جس میں یہ جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے راولا کوٹ دریک عیدگاہ دھرنا پر مبینہ حملہ، شیلنگ اور فائرنگ کی گئی ہے۔ پولیس نے ان تمام دعووں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ یہ مہم حقائق پر مبنی نہیں بلکہ سراسر گمراہ کن ہے، اور دریک عیدگاہ دھرنا کے مقام پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایسی کوئی کارروائی سرے سے نہیں کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس آزاد کشمیر کی مشترکہ پریس کانفرنس، اہم ترین حقائق سامنے رکھ دیے
پولیس ترجمان نے حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی سے جڑے شرپسند اشخاص پرانی ویڈیوز کو موجودہ رنگ دے کر استعمال کر رہے ہیں۔ اس سازش کا بنیادی مقصد عوام الناس میں شدید بے چینی و سنسنی پیدا کرنا اور ریاستی و قانون نافذ کرنے والے اداروں پر عوامی اعتماد کو شدید ٹھیس پہنچانا ہے۔ ترجمان کے مطابق، عوامی ایکشن کمیٹی دریک دھرنا کے مقام پر عوام کی مسلسل عدم دلچسپی، اپنی تیزی سے گرتی ہوئی ساکھ اور دھرنے سے کثیر تعداد میں لوگوں کی واپسی سے شدید خوفزدہ ہو چکی ہے۔ اسی بوکھلاہٹ کا شکار ہو کر یہ عناصر اس قسم کی ڈرامہ بازی اور چال بازیوں پر اتر آئے ہیں، لیکن انہیں ان کے مذموم مقاصد میں کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین سے تصدیق کی اپیل:
ترجمان آئی جی پولیس آزاد کشمیر نے تمام امن پسند شہریوں اور سوشل میڈیا صارفین سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اعلیٰ ترین ذمہ داری، تحمل اور قومی مفاد کو مقدم رکھیں۔ کسی بھی خبر، تصویر یا ویڈیو کو آگے شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق لازمی کریں اور صرف اور صرف مستند سرکاری و صحافتی ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات پر ہی یقین کریں۔ عوام کسی بھی قسم کی گمراہ کن، نفرت انگیز یا اشتعال انگیز مہم کا حصہ بننے سے سختی سے گریز کریں۔
پولیس اعلامیے میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ترجیح خطے میں پائیدار امن، قانون کی بالا دستی اور عوام کا جان و مال کا تحفظ ہے۔ ہم ہر شہری کے آئینی اور قانونی حقوق کا مکمل احترام کرتے ہیں اور ہر معاملے میں قانون کی منشاء کے مطابق ہی سخت کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔




