مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی برسی کے موقع پر کشمیر پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں حریت رہنما سید منظور حسین شاہ ،ڈائریکٹر قومی و آگاہی مہم لبریشن سیل سردار ساجد محمود ،میڈیا کوآرڈینیٹر سردار علی شان ،چئیرمین شباب المسلمین منیر احمد کونچھی ،عبداللہ امتیاز ایڈوکیٹ، بابر بشیر ،فزا علی زمان ایڈوکیٹ، ویمن ڈویلپممٹ فورم کی خواتین ، سول سوسائٹی، سمیت ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:مظفر آباد : کاروباری مراکز کھل گئے،کمرشل بینکوں کی انٹرنیٹ سروس بحال ،سیاسی سرگرمیاں شروع
تقریب میں مقررین نے مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان کی تحریک آزادی کشمیر، قومی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان کا شمار تحریک آزادی کشمیر کے بانیوں میں ہوتا ہے ۔
تحریک آزادی کشمیر، ریاست کے لیے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔سردار محمد عبدالقیوم خان جیسی شخصیات صدیوں بعد پیدا ہوتی ہیں ،انکی وفات سے جو خلا پیدا ہوا وہ مدتوں پورا نہیں ہو پائے گا۔
انھوں نے کہا کہ مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان نظریہ الحاق پاکستان کے بانی تھے۔انھوں نے قوم کو ‘ کشمیر بنے گا پاکستان ‘ کا نعرہ دیا جو نظریہ الحاق پاکستان کا استعارہ تھا
سابق وزیراعظم وصدر آزادکشمیر سردار عبددالقیوم خان نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر ایڈہاک ایکٹ چیلنج ،ہائی کورٹ کا محکمہ سروسز کو نوٹس، تفصیلی جواب طلب
مقررین نے کہا کہ سردار محمد عبدالقیوم خان نے اپنے دور حکومت میں ریاست کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ انھوں نے ریاستی وقار کو بلند کیا ،اداروں کو فعال کیا۔
مقررین نے کہا کہ سردار عبدالقیوم خان کا طرز حکمرانی آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے ۔ آزاد کشمیر کا موجودہ انفراسٹرکچر سردار محمد عبدالقیوم خان کی محنت کا صلہ ہے ۔
تقریب اختتام پر مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کی مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کروائی گئی۔




