شاہ غلام قادر

پیپلز پارٹی کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے : شاہ غلام قادر کا اعلان

وادی نیلم(کشمیر ڈیجیٹل )پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر اور حلقہ ایل اے 25 نیلم 1 سے اُمیدوار شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں عام انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی منعقد ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنی یقینی شکست کو دیکھتے ہوئے الیکشن سے راہِ فرار اختیار کرنا چاہتی ہے، لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے انتخابی حلقے میں جاری مہم کے دوران کشمیر ڈیجیٹل سے ایک خصوصی اور تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

شاہ غلام قادر نے موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کالعدم ایکشن کمیٹی میں شامل کچھ شرپسند عناصر وادی کا پُرامن ماحول خراب کرنے کی مذموم کوششیں کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے درمیان اختلافات کھل کر سامنے آ گئے
انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی اور کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے قومی سلامتی کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ مملکتِ پاکستان، افواجِ پاکستان اور آزاد ریاست جموں و کشمیر کی سلامتی، بقا اور خودمختاری کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت نہیں بچ سکیں گے۔

پاک فوج ہماری جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی محافظ ہے، اور اس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے وادی نیلم کے عوام کے جوش و خروش کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیلم کے غیور عوام مسلم لیگ (ن) کے ترقیاتی ایجنڈے پر مکمل اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:راج محل سے پیپلزپارٹی کے اہم رہنما چوہدری زمان جنگی ن لیگ میں شامل
الیکشن مہم کے دوران عوام کا یہ سمندر ثابت کرتا ہے کہ وادی نیلم ایک بار پھر ترقی اور خوشحالی کے سفر کا انتخاب کرے گی اور مخالفین کو الیکشن کے میدان میں عبرتناک شکست ہوگی۔