ارشد ندیم

کامن ویلتھ گیمز ،36رکنی دستے کا اعلان، قیادت ارشد ندیم کے سپرد

پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں 23 جولائی سے 2 اگست 2026 تک ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کیلئے36 رکنی دستے کا اعلان کر دیا ہے جس میں کھلاڑیوں اور آفیشلز کو شامل کیا گیا ہے۔

پاکستانی دستے کے شیف ڈی مشن میجر جنرل عادل رحمانی ہوں گے۔ قومی ٹیم کامن ویلتھ گیمز میں ایتھلیٹکس، باکسنگ، تیراکی، جمناسٹکس، جوڈو اور لان بولز سمیت چھ مختلف کھیلوں میں شرکت کرے گی۔

ارشد ندیم ایتھلیٹکس ٹیم کی قیادت کریں گے

اولمپک چیمپئن اور جیولن تھرو کے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی ارشد ندیم ایتھلیٹکس اسکواڈ کی قیادت کریں گے۔ ان کے ساتھ فائقہ ریاض، انصر عباس، محمد اختر، محمد اسماعیل، محمد یاسر اور نورین حسین بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:سری لنکا کو شکست ،پاکستان نے کامن ویلتھ بیچ ہینڈ بال چیمپئن شپ جیت لی

باکسنگ ٹیم میں افضل خان، فاطمہ زہرہ، ملائکہ زاہد، قدرت اللہ اور سمامہ رحمان بٹ شامل ہیں۔جمناسٹکس میں شہزاد علی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ جوڈو میں شاہ حسین ایکشن میں نظر آئیں گے۔

لان بولز ٹیم میں مقصود وسیم خان اور محمد ایوب قریشی شامل ہیں، جبکہ تیراکی کے مقابلوں میں حمزہ آصف، حریم ملک، جہاں آرا نبی اور محمد احمد درانی پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی

پاکستان نے پہلی مرتبہ 1954 میں کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کی تھی۔ اب تک قومی کھلاڑی مجموعی طور پر 82 تمغے جیت چکے ہیں، جن میں 27 طلائی، 27 چاندی اور 28 کانسی کے تمغے شامل ہیں۔

برمنگھم 2022 میں بہترین کارکردگی

پاکستان نے 2022 میں برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں گزشتہ 50 برس کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو شیخ محمد بن زاید ایوارڈ سے نوازا گیا

اس ایونٹ میں 68 پاکستانی ایتھلیٹس نے 12 مختلف کھیلوں میں حصہ لیا اور قومی ٹیم نے دو طلائی، تین چاندی اور تین کانسی کے تمغوں سمیت مجموعی طور پر آٹھ میڈلز جیت کر میڈل ٹیبل پر 18ویں پوزیشن حاصل کی۔

اس ایونٹ میں ارشد ندیم نے مردوں کے جیولن تھرو میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا جو سنہ 1962 کے بعد ٹریک اینڈ فیلڈ میں پاکستان کا پہلا کامن ویلتھ گولڈ میڈل تھا۔