اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) اسلام آباد پولیس نے حاضر سروس گروپ کیپٹن عاصم طارق کے اندوہناک قتل کا سراغ لگاتے ہوئے مرکزی ملزم سعد عباسی کو واردات کے محض 9 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا ہے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے وفاقی دارالحکومت میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ملزم سعد عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کیس پولیس کے لیے انتہائی اہم اور چیلنجنگ تھا کیونکہ ایک حاضر سروس گروپ کیپٹن کا سرِعام فائرنگ میں شہید ہونا شدید تشویش ناک معاملہ تھا۔
آئی جی اسلام آباد نے واقعے کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ ملزم سعد عباسی اور متاثرہ خاتون ایک ساتھ کام کرتے تھے اور کھنہ کے علاقے میں رہائش پذیر ہونے کی وجہ سے ایک ہی ساتھ ڈیوٹی پر آتے جاتے تھے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں کل سے 10 جولائی تک بار شیں ہونگی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
واردات کے وقت ملزم خاتون کو زبردستی اپنے ساتھ لے جانا چاہتا تھا، تاہم خاتون بضد تھی کہ وہ اس کے ساتھ کسی دوسری جگہ نہیں جائے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران آئی جی علی ناصر رضوی نے انکشاف کیا کہ گروپ کیپٹن عاصم طارق شہید نے موقع پر موجود خاتون کو ملزم کی زبردستی اور مبینہ اغوا کی کوشش سے بچانے کے لیے مداخلت کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ صبح 11 بج کر 21 منٹ پر ملزم نے فائرنگ کر کے گروپ کیپٹن عاصم کو شہید کر دیا، جنہوں نے ایک معصوم خاتون کی جان اور آبرو بچاتے ہوئے جامِ
شہادت نوش کیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں اغوا کی مبینہ کوشش ناکام بناتے ہوئے پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن عاصم شہید، ملزم سعد فرار
پولیس حکام کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے اور اسے قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔




