دورہ ویسٹ انڈیز و انگلینڈ،قومی ٹیم کا اعلان آج،بڑی تبدیلیوں کا امکان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) آج دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا باضابطہ اعلان کرے گا۔

ذرائع کے مطابق مینز سلیکشن کمیٹی صبح 11 بجے پریس کانفرنس کے دوران اسکواڈ کا اعلان کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: قومی ویمنز ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں

ذرائع کا کہنا ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے قومی ٹیم میں کپتان سمیت کئی اہم تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے لیے موجودہ کپتان شان مسعود کے علاوہ سلمان علی آغا اور بابر اعظم کے نام بھی زیر غور ہیں۔

ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی نوجوان اور ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دینے پر غور کر رہی ہے، جس کے تحت فاسٹ بولر عبید شاہ، علی عثمان اور محمد علی کو قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

حتمی اسکواڈ اور کپتان کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے آج صبح 11 بجے باضابطہ طور پر کیا جائے گا، جس کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے ٹیم کی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اوپنرز امام الحق، اذان اویس اور عبداللہ فضل کو ٹیسٹ اسکواڈ میں برقرار رکھا جائے گا، جبکہ بابر اعظم، سلمان علی آغا، ساجد خان، محمد عباس اور خرم شہزاد بھی اسکواڈ کا حصہ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق نوجوان فاسٹ بولرز عبید شاہ اور علی عثمان کو پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ فاسٹ بولر محمد علی اور آل راؤنڈر عامر جمال کی بھی قومی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر سعود شکیل کی اسکواڈ میں شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط بتائی جا رہی ہے، اور حتمی فیصلہ میڈیکل کلیئرنس کے بعد کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم 13 جولائی کو ویسٹ انڈیز کے لیے روانہ ہوگی، جبکہ روانگی سے قبل 10 جولائی سے اسلام آباد میں سیریز کی تیاریوں کے لیے تربیتی کیمپ لگائے جانے کا بھی امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ویرات کوہلی کی اوچھی حرکت ، آسٹریلین کرکٹر اور اہلیہ کو دھمکیاں ملنے لگیں

بابر اعظم پاکستان کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں کپتانی کر چکے ہیں، بابر اعظم کو دنیا کے بہترین بلے بازوں میں شمار کیا جاتا ہے، بلاشبہ بابر اعظم دنیائے کرکٹ میں ایک عظیم الشان کھلاڑی کے طور پہ ابھرے۔

بابراعظم اپریل 2021ء میں ون ڈے انٹرنیشنل کے نمبر ون کھلاڑی بنے، انھوں نے 2012 ءکے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کپتانی کی۔