ویرات کوہلی کی اوچھی حرکت ، آسٹریلین کرکٹر اور اہلیہ کو دھمکیاں ملنے لگیں

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرز حیدرآباد کے درمیان میچ کے بعد بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی اور آسٹریلین کرکٹر ٹریوس ہیڈ کے درمیان پیش آنے والے تنازع نے سوشل میڈیا پر نیا رخ اختیار کرلیا۔

ٹریوس ہیڈ اور ان کی اہلیہ جیسیکا کو سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس کی وجہ ویرات کوہلی کے ساتھ آئی پی ایل میچ کے دوران ہونے والی تلخ جملوں کی تکرار بنی۔

یہ بھی پڑھیں:ٹیم کیلئےفائدہ مند ہوا تو 2027 کاورلڈکپ ضرور کھیلوں گا : ویرات کوہلی

بھارتی ویب سائٹ سنڈے گارجین کے مطابق جمعہ 22 اپریل کو کھیلے گئے آئی پی ایل 2026 کے 67 ویں میچ میں سن رائزرز حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 255 رنز بنائے تھے۔ میچ کے دوران ویرات کوہلی اور ٹریوس ہیڈ کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی دیکھنے میں آیا۔

ٹریوس ہیڈ نے ویرات کوہلی کو جارحانہ انداز میں کھیلنے سے متعلق جملہ کہا، جس پر بھارتی اسٹار بیٹر نے طنزیہ انداز میں امپیکٹ پلیئر کا اشارہ کرتے ہوئے جواب دیا اور آسٹریلوی کھلاڑی کو بولنگ کرنے کا چیلنج بھی دیا۔

کشیدگی اس وقت مزید بڑھی جب ویرات کوہلی صرف 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق ٹریوس ہیڈ نے اس موقع پر کہا کہ میں بولنگ کے لیے آنے سے پہلے ہی تم آؤٹ ہوگئے۔

میچ کے بعد ہاتھ ملانے کی روایت کے دوران بھی صورت حال زیر بحث رہی، میچ ختم ہونے کے بعد ایک اور لمحہ توجہ کا مرکز بنا جب کوہلی نے دیگر کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا لیکن ٹریوس ہیڈ کی جانب سے بڑھایا گیا ہاتھ نظر انداز کردیا جبکہ کوہلی نے پیٹ کمنز اور ابھیشیک شرما سے گرمجوشی سے ملاقات کی۔

یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوتے ہی بعض صارفین نے ٹریوس ہیڈ اور ان کی فیملی کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ رپورٹس کے مطابق ٹرولز نے ان کی شادی کی تصاویر پر نازیبا اور دھمکی آمیز تبصرے کیے، جن میں کچھ پیغامات انتہائی قابل اعتراض تھے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کیے جانے کے خلاف بھی آوازیں اٹھائی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب آسٹریلوی کرکٹر ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا ہیڈ نے اپنے خاندان کے خلاف آن لائن بدسلوکی اور دھمکیوں پر ردعمل دے دیا۔

ٹریوس ہیڈ کی اہلیہ جیسیکا ہیڈ نے آسٹریلوی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انہیں، ان کے دوستوں اور خاندان کو سوشل میڈیا پر نازیبا پیغامات اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم میں کونسی بڑی تبدیلیاں لائی جائینگی، ہیڈکوچ نے بتادیا

جیسیکا ہیڈ نے کہا کہ یہ سب کچھ ورلڈ کپ کے بعد ہونے والی بدسلوکی کی یاد دلاتا ہے۔ میں صبح اٹھی تو سوشل میڈیا پر مسلسل پیغامات آرہے تھے۔ ہم ٹھیک ہیں لیکن میرے دوستوں اور خاندان کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیل میں جذبہ اپنی جگہ اہم ہے تاہم لوگوں کو یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ کھلاڑیوں کے پیچھے حقیقی خاندان اور انسان موجود ہوتے ہیں۔