اعوان آباد، ( نمائندہ خصوصی )حلقہ بلوچ سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سردار عنایت اللہ عارف نے چالیس سالہ سیاسی وابستگی ختم کرتے ہوئے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
سردار عنایت اللہ عارف کا شمار حلقہ بلوچ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اور نظریاتی کارکنوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے پارٹی کے لیے چار دہائیوں تک خدمات انجام دیں، ہر مشکل وقت میں پارٹی کا ساتھ دیا اور اس کی مضبوطی کیلئے بے شمار قربانیاں دیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:استحکام پاکستان پارٹی آزادکشمیر کا 35نشستوں پر امیدواروں کا اعلان
سردار عنایت اللہ عارف نے اپنے موقف میں کہا کہ گزشتہ کئی انتخابات میں ان کے حمایت یافتہ امیدواروں کو مسلسل نظر انداز کیا جاتا رہا، جبکہ ایسے افراد کو پارٹی ٹکٹ دیے گئے جو گزشتہ پانچ برسوں کے دوران تین مختلف سیاسی جماعتیں تبدیل کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو شخص صرف پانچ سال میں تین سیاسی جماعتیں بدل چکا ہو، اسے پارٹی ٹکٹ دینا نظریاتی اور وفادار کارکنوں کے لیے ناقابلِ فہم اور سمجھ سے بالاتر ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سردار مختارعباسی کے حق میں 9 امیدوار دستبردار، کاغذات نامزدگی واپس
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کی موجودہ پالیسیوں اور دیرینہ کارکنوں سے روا رکھے جانے والے رویے نے انہیں سخت مایوس کیا، جس کے باعث انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سے اپنی چالیس سالہ رفاقت ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔
سیاسی مبصرین کے مطابق سردار عنایت اللہ عارف کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت حلقہ بلوچ کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے آنے والے سیاسی منظرنامے پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔




