آزادکشمیر میں استحکام پاکستان پارٹی حکومت بنائے گی، تنویر الیاس نے بڑا دعویٰ کردیا

اسلام آباد:سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں آئندہ حکومت بنانے جا رہی ہے اور آنے والے 24 گھنٹوں میں مزید اہم سیاسی شخصیات بھی پارٹی میں شامل ہوں گی۔

اسلام آباد میں استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنویر الیاس نے کہا کہ انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اب باقاعدہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی کا حصہ ہیں، جس کی بنیاد انہوں نے عبدالعلیم خان کے ساتھ مل کررکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:سردار تنویر الیاس ،نثار انصر ابدالی،علی شان سونی آئی پی پی میں شامل

انہوں نے کہا کہ اس وقت قومی اسمبلی میں استحکام پاکستان پارٹی کے 6 ارکان موجود ہیں، وفاقی کابینہ میں پارٹی کے 3 وزرا شامل ہیں، پنجاب اسمبلی میں بھی پارٹی کی نمائندگی موجود ہے، جبکہ آئندہ سینیٹ انتخابات میں استحکام پاکستان پارٹی کے 3 سینیٹر منتخب کرانے میں بھی کامیاب ہو جائیں گے۔

تنویر الیاس نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی میں اس وقت استحکام پاکستان پارٹی کے 7 ارکان ہیں، جن میں سے توقع ہے کہ 4 یا 5 وزیر بن جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب وہ پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے تھے تو آزاد کشمیر اسمبلی میں پارٹی کے 13 ارکان تھے تاہم تحریک عدم اعتماد کے وقت یہ تعداد بڑھ کر 29 ہوگئی تھی، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی قائد ایوان منتخب کرانے میں کامیاب ہوئی۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سیاسی صورتحال مزید واضح ہوگی اور سب دیکھیں گے کہ شرقی کس کا ہے اور وسطی کس کا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شرقی، شرقی والوں کا اور وسطی، وسطی والوں کا ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ استحکام پاکستان پارٹی میں وزرا بھی شامل ہوئے ہیں، جبکہ آج جمعہ کو پارٹی کے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید اہم شخصیات بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی۔

تنویر الیاس نے کہا کہ موجودہ حالات میں آزاد کشمیر میں انتخابی مہم اس انداز میں نہیں چل سکتی جس طرح چلنی چاہیے، تاہم ان کی کوشش ہوگی کہ خطے میں جمہوری اور سیاسی نظام کو مضبوط بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کا چار حلقوں سے الیکشن لڑنے کا حتمی فیصلہ

انہوں نے کہا کہ بعض سیاسی جماعتیں نشستوں پر انتخابی ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہتی ہیں، اس حوالے سے بھی پارٹی مناسب وقت پر فیصلہ کرے گی۔

انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی آزاد کشمیر میں حکومت بنائے، کیونکہ ان کے بقول گاڑی جو اسٹیشن کی طرف جا رہی ہو، اسی میں بیٹھنا چاہیے۔