وزیراعظم کا وزراء کی نوک جھونک پر نوٹس،بیان بازی سے روک دیا

اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے وفاقی وزراء کی ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی کو نوٹس لیتے ہوئے تمام وزراء کو ایک دوسرے کیخلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام تر توجہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر مرکوز ہے،حکومت معاشی استحکام سے پائیدار معاشی ترقی کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

یہ بھی پڑھیں:آزادحکومت کو100روزہ پلان کیلئے ہر ممکن وسائل فراہم کرینگے، وزیراعظم شہبازشریف

انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر اور سفارتی محاذ پر بھی اللہ تعالیٰ نے متعدد اہم کامیابیوں سے نوازا ہے،وفاقی حکومت نے ہمیشہ تعمیر و ترقی کی سیاست کو فروغ دیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس موقع پر میں، وفاقی کابینہ کے تمام وزراء کو یہ ہدایات کرتا ہوں کہ ایک دوسرے کے خلاف سیاسی بیان بازی سے گریز کیا جائے۔

شہبازشریف نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اراکین کے درمیان معاملات افہام وتفہیم اور اتفاق سے آگے بڑھنے چاہیں۔وفاقی وزراء کے ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے منفی تاثر پیدا ہوتا ہے اور تعمیر و ترقی کی سیاست سے توجہ ہٹتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:افتخار گیلانی کی ملاقات، آزادکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن تعاون کرینگے، شہباز شریف

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے وزرا اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوامی خدمت و تعمیر ترقی پر ہی رہنی چاہیے۔صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی ایسی بیان بازی سے گریز کریں اور مثبت بات چیت کو فروغ دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی مکمل طور پر بند ہونی چاہیے، ہم سب کا فرض ہے کہ ہم سیاسی استحکام کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔