غلط گوشوارے جمع کروانے والوں پر شکنجہ کسنے کی تیاری، قید، نااہلی، جرمانے اور جائیداد ضبطی کی رائے آگئی

مظفرآباد:محکمہ قانون، انصاف، پارلیمانی امور و انسانی حقوق آزاد  کشمیر نے الیکشن ایکٹ 2020ء کی دفعہ 79 کے تحت امیدواروں کی جانب سے اثاثوں کی غلط تفصیلات فراہم کرنے یا معلومات چھپانے کے معاملے پر اپنی اہم قانونی رائے دیدی ہے۔

محکمہ قانون کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایسے مقدمات کی سماعت متعلقہ علاقائی فوجداری عدالتیں کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں:حمزہ مجید بزمی جعلی مہاجر قرار، الیکشن کمیشن کا ووٹ خارج کرنے کا حکم

سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے نام جاری کردہ اس سرکاری خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 18 اگست 2026ء کو ایک مراسلے کے ذریعے دفعہ 79 میں درج اصطلاح با صلاحیت عدالت(Court of Competent Jurisdiction) کی قانونی وضاحت طلب کی تھی۔

محکمہ قانون نے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد واضح کیا کہ الیکشن ایکٹ 2020ء کی دفعہ 78 کے تحت قانون ساز اسمبلی کا انتخاب لڑنے والا ہر امیدوار چیف الیکشن کمشنر کے روبرو اپنی جائیدادوں اور اثاثوں کا گوشوارہ جمع کروانے کا پابند ہے۔

جان بوجھ کر غلط یا نامکمل تفصیلات فراہم کرنے والے امیدوار کو دفعہ 79 کے تحت 7 سال تک قید با مشقت،10 سال کے لیے انتخابی نااہلی، جرمانے یا جائیداد و اثاثوں کی جزوی یا مکمل ضبطی کی سزا دی جا سکتی ہے۔

قانونی رائے میں مزید بتایا گیا ہے کہ چونکہ الیکشن ایکٹ 2020ء اور اس کے قواعد و ضوابط میں با صلاحیت عدالت کی الگ سے کوئی تعریف بیان نہیں کی گئی، اس لیے اس کے لغوی اور سیاق و سباق کے مطابق معنی لیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پونچھ:7 حلقوں میں الیکشن، ترقی وتبادلوں،منصوبوں پر پابندی عائد

اس تشریح کے تحت آزاد کشمیر میں نافذ ضابطہ فوجداری (CrPC) کے تحت اسی نوعیت کے جرائم کا ٹرائل کرنے کا اختیار رکھنے والی متعلقہ علاقائی عدالت ہی ایسے مقدمات سننے کی مجاز ہوگی۔

سیکرٹری قانون کی باضابطہ منظوری کے بعد سیکشن آفیسر (اوپینین) محمد علی اشرف کے دستخطوں سے یہ قانونی رائے الیکشن کمیشن کو ارسال کی گئی ہے۔