اسلام آباد:وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا آزاد کشمیر الیکشن سے فرار کا فیصلہ ان کی سیاسی کمزوری ہے، پی ٹی آئی عوامی حمایت نہ ملنے کے خوف کی وجہ سے الیکشن سے راہ فرار اختیار کررہی ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ جو جماعت خود کو عوام کی سب سے بڑی نمائندہ قرار دیتی رہی، آج وہی عوام کے فیصلے سے بچنے کے لیے نت نئے جواز تراش رہی ہے، اگر واقعی عوام کے حقوق اور جمہوریت پر یقین ہوتا تو میدان نہ چھوڑتے۔
یہ بھی پڑھیں: کسی بھی کالعدم تنظیم کیساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، طارق فضل کا دوٹوک اعلان
انہوں نے کہا کہ ہر انتخاب سے قبل ماحول کو متنازع بنانا اور اداروں پر الزامات لگانا ان کا وطیرہ بن چکا ہے، انتخابی عمل سے کنارہ کشی اختیار کرنا ایک پرانی اور ناکام سیاسی حکمت عملی بن چکی ہے۔
عوام سے ووٹ مانگنے کے بجائے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کرنا حق رائے دہی کی توہین ہے، سیاسی جماعتیں عوام کے فیصلوں سے بھاگتی نہیں بلکہ ان کا سامنا کرتی ہیں۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ انتخابات سے فرار کسی اصول کی علامت نہیں بلکہ عوامی اعتماد سے محرومی کا اعتراف ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے آزادکشمیر الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر دیا، اختلافات کا خدشہ
آزاد جموں و کشمیر کے عوام جذباتی نعروں کے بجائے عملی قیادت، ذمہ دار سیاست اور جمہوری عمل پر یقین رکھتے ہیں، عوام بخوبی جانتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کا راستہ بائیکاٹ اور سیاسی ڈراموں سے نہیں صرف بیلٹ بکس سے گزرتا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے آزادکشمیر کےالیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ عوام سے یکجہتی کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے۔




