شاہ غلام قادر

پاکستان اور کشمیر کا آپسی رشتہ دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، شاہ غلام قادر

سماہنی ( کشمیر ڈیجیٹل، سید شہاب عباس)مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار قانون ساز اسمبلی چوہدری محمد رزاق کے انتخابی دفتر کا افتتاح صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کر دیا۔  سابق وزیر چوہدری محمد سعید، رہنما مسلم لیگ ن عظیم بخش ان کے ہمراہ تھے ۔

اس موقع پر پونا تا سماہنی ریلی اور تقریب کا انعقاد کیا گیا جس نے جلسہ عام کی شکل اختیار کر لی ، جہاں پر حلقہ سماہنی کی قد آور سیاسی شخصیات سابق ممبر اسمبلی راجہ مقصود احمد خان ، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ غلام ربانی، سابق ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال، سابق مشیر وزیر اعظم راجہ ظفر بیربل، ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد سلیم، سابق امیدوار ضلع کونسل چوہدری ظفر مہر، سابق امیدوار اسمبلی راجہ رزاق خان مرحوم کے فرزند راجہ عدنان رزاق ایڈووکیٹ ، چیئرمین یوسی درہال جنڈالہ راجہ حسام جہانگیر ایڈووکیٹ ، سابق امیدوار ضلع کونسل راجہ زبیر اصغر ایڈووکیٹ ، سمیت درجنوں رہنماؤں نے اپنے سینکڑوں کارکنوں سمیت چوہدری محمد رزاق کی انتخابی حمایت کا اعلان کر دیا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کا آپسی رشتہ دنیا کی کوئی طاقت کمزور نہیں کر سکتی، یہ رشتہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر ہے، کشمیری اور پاکستان قوم صدیوں کے رشتوں میں پروئی ہوئی ہے، اہلیان سماہنی نے بڑی تعداد میں نکل کر واضح کر دیا کہ یہاں کے لوگ مسلح افواج پاکستان سے کس قدر محبت کرتے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:LA-11:شاہ غلام قادر پر من پسند اور کمزور اُمیدوار کی حمایت کا الزام

بھارت آزاد کشمیر کے اندر انتشار پیدا کر کے اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے جسے کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ، جس قدر لوگوں نے جوش و خروش سے چوہدری محمد رزاق کی قیادت پر اعتماد کیا یقین سے کہتا ہوں کہ سماہنی کی سیٹ مسلم لیگ ن جیت چکی ہے، ناقابل تسخیر ہونے کا دعویٰ کرنے والے جلد عوامی سونامی کا سامنا کریں گے ، عوام اپنی محرومیوں کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لیں گے ، ن لیگ آزاد کشمیر میں حکومت بنا کر سماہنی کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرے گی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اُمیدوار اسمبلی چوہدری محمد رزاق نے کہا کہ وادی سماہنی کو گزشتہ بیس سالوں میں مسائل کے دلدل میں دھکیلا گیا، کرپشن ، اقربا پروری اور لوٹ مار کی گئی جس کا بھرپور حساب لوں گا ، ایل او سی کے باسیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے ، سماہنی واٹر سپلائی سکیم کو مکمل کریں گے ، سماہنی کو میونسپل کمیٹی جبکہ چوکی شہر کو ٹاؤن کمیٹی کا درجہ دلوائیں گے ۔

وادی سماہنی میں سیاحت کے فروغ اور نوجوانوں کے روزگار کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے ، وادی سماہنی سے برداری ازم کا خاتمہ کردیا ، میرے کسی کارکن کو اگر حراساں کیا گیا تو کارکن نہیں میں خود اس کا جواب دوں گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی کو کالعدم قرار دینے کی تائید کرتے ہیں، شاہ غلام قادر کی وضاحت

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ممبر اسمبلی سینئیر رہنما مسلم لیگ ن راجہ مقصود احمد خان ، سابق ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل راجہ غلام ربانی ، سابق ڈی جی اطلاعات راجہ اظہر اقبال ، سابق مشیر راجہ ظفر بیربل ، ممبر ضلع کونسل چوہدری محمد سلیم، سابق امیدوار ضلع کونسل چوہدری ظفر مہر، سابق امیدوار اسمبلی راجہ رزاق خان مرحوم کے فرزند راجہ عدنان رزاق ایڈووکیٹ ، چیئرمین یوسی درہال جنڈالہ راجہ حسام جہانگیر ایڈووکیٹ نے خطابات کرتے ہوئے کہا کہ سماہنی میں سب سے پہلے مسلم لیگ ن کی سیٹ جیت کر قیادت کو تحفے میں دیں گے ، کارکنوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم چوہدری محمد رزاق کے شانہ بشانہ کھڑے رہ کر کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کریں گےن لیگ کے پاور شو کے بعد حلقہ سماہنی کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے، جبکہ ایک بڑے سیاسی اتحاد کی صورت چوہدری محمد رزاق کی سیاسی قوت میں نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔