امریکی فوج کا ایران پر حملہ،تجارتی جہاز پر حملے کا جواب دیا گیا، سینٹ کام

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام ) کا کہنا ہے کہ امریکی افواج نے 26 جون کو ایران کے خلاف حملے کئے ہیں اور یہ کارروائی گزشتہ روز آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک تجارتی بحری جہاز پر حملے کے جواب میں کی گئی۔

سینٹ کام کا کہنا ہے کہ امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل اور ڈرون ذخیرہ گاہوں کے ساتھ ساتھ ساحلی ریڈار تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

سینٹ کام کے مطابقایران نے 25 جون کوسنگاپور کے پرچم بردار مال بردار جہاز پر خودکش ڈرون حملہ کیا۔ اس وقت جہاز عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز سے باہر نکل رہا تھا۔

امریکی فوج کے مطابق ایرانی افواج کی جانب سے تجارتی جہاز پر یہ بلااشتعال حملہ جنگ بندی کی واضح خلاف ورزی تھا اور ایران کا یہ خطرناک طرزِ عمل بین الاقوامی تجارت کی اس اہم گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی کو نقصان پہنچاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی وزارت خارجہ نے امریکی وزیر خارجہ کے دعوے مسترد کردیئے

سینٹ کام کی افواج آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کو محفوظ گزرگاہ فراہم کرنے کے لیے رابطہ اور معاونت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج خطے میں موجود اور چوکس ہے تاکہ ایران کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی تمام شرائط پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔