محمد عامر برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد مقامی کھلاڑی کے طور پر نوٹنگھم شائر میں شامل

سابق پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر کو برطانوی پاسپورٹ جاری ہونے کے بعد انگلش کاؤنٹی کلب نوٹنگھم شائر نے رواں سیزن کے باقی ماندہ ویٹالٹی بلاسٹ میچز کے لیے اپنے اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔

نوٹنگھم شائر انتظامیہ کے مطابق 34 سالہ محمد عامر کے ساتھ مختصر مدت کا معاہدہ کیا گیا ہے اور وہ گروپ مرحلے کے بقیہ میچوں کے علاوہ ممکنہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سابق فاسٹ بولر محمد عامر برطانوی شہری بن گئے، پاسپورٹ جاری

برطانوی شہریت حاصل کرنے کے بعد محمد عامر اب کاؤنٹی کرکٹ میں مقامی کھلاڑی (لوکل پلیئر) کے طور پر شمار ہوں گے جس کے باعث وہ کلب کے اوورسیز کھلاڑیوں کے کوٹے میں شامل نہیں ہوں گے۔

اس طرح نوٹنگھم شائر انہیں جنوبی افریقا کے جارج لنڈے اور پاکستانی فاسٹ بولر محمد علی کے ساتھ بیک وقت میدان میں اتار سکے گا۔

محمد عامر نے نوٹنگھم شائر میں شمولیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کلب کے بارے میں بہت کچھ سن رکھا ہے اور وہ ٹیم کی نمائندگی کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نوٹنگھم شائر کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔ ٹرینٹ برج سے میری بہت سی یادیں وابستہ ہیں اور میں شائقین کو بہترین کرکٹ دکھانے اور ٹیم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔

نوٹنگھم شائر کے ہیڈ کوچ پیٹر مورز نے محمد عامر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ پاور پلے اور اننگز کے آخری اوورز میں غیر معمولی مہارت رکھتے ہیں جبکہ دباؤ میں بہتر کارکردگی دکھانے کی صلاحیت انہیں دنیا بھر کی ٹیموں کے لیے قیمتی کھلاڑی بناتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ ،راؤنڈ آف 32 کیلئے13 ٹیموں نے کوالیفائی کر لیا،7باہر

محمد عامر اس سے قبل انگلش ٹی 20مقابلوں میں ایسیکس، گلوسٹر شائر اور ڈربی شائر کی نمائندگی کر چکے ہیں جبکہ دی ہنڈرڈ ٹورنامنٹ میں بھی لندن اسپرٹ، اوول انوِنسبلز اور ناردرن سپرچارجرز کی جانب سے کھیل چکے ہیں۔

واضح رہے کہ محمد عامر نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی ٹی20 ورلڈ کپ 2024 میں کی تھی جبکہ اب برطانوی پاسپورٹ ملنے کے بعد ان کے انگلش ڈومیسٹک کرکٹ میں مزید مواقع پیدا ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔