عمان کے جنوب مشرقی ساحلی علاقے میں کارگو جہاز پر پروجیکٹائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
برطانوی میری ٹائم ایجنسی کی جانب سے بتایا گیا کہ عمان سے ساڑھے 7 ناٹیکل میل کے فاصلے پر موجود جہاز پر حملے کی اطلاع ہے، نامعلوم پروجیکٹائل کے حملے سے جہاز کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 4ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئیں
اس حملے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 2 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 1.52 ڈالر یا 2.1 فیصد اضافے کے بعد 75.26 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 1.58 ڈالر یا 2.3 فیصد اضافے سے 71.92 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ روز خام تیل کی قیمتیں 27 فروری کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئی تھیںجو جنگ کے آغاز سے ایک دن قبل کی صورتحال تھی۔
عمان کے قریب ایک کارگو جہاز پر نامعلوم پروجیکٹائل لگنے کے واقعے کے بعد اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کے انخلا کی کوششیں عارضی طور پر روک دی گئیںجس سے عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے بارے میں خدشات دوبارہ جنم لے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں آج جمعہ کو پیٹرولیم مصنوعات کی مزید کمی کا امکان تھا تاہم ایک بار پھر عالمی منڈی میں قیمتیں بڑھنے پر خدشات پیدا ہو گئے ہیںکہ پیٹرول مزید سستا نہیں ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی، بیرسٹر عقیل نے عوام کو خوشخبری سنا دی
ذرائع کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) عالمی مارکیٹ کے تازہ نرخوں درآمدی لاگت ایکسچینج ریٹ اور ٹیکسوں کی بنیاد پر اپنی ورکنگ مکمل کرکے سمری وزارت خزانہ کو ارسال کرے گی۔
وزارت خزانہ اوگرا کی سفارشات اور مالیاتی اثرات کا جائزہ لینے کے بعد حتمی سمری وزیراعظم کو منظوری کے لیے بھجوائے گی جہاں پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کے حوالے سے آخری فیصلہ کیا جائے گا۔



