فیفا ورلڈکپ، گولڈن بوٹ کسے ملے گا؟3فٹبالر دوڑ میں شامل

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں صرف 2گروپ میچوں کے بعد ہی گولڈن بوٹ کی دوڑ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو گئی ہے۔

ارجنٹائن کے لیونل میسی 5 گولز کے ساتھ سرفہرست ہیں جب کہ فرانس کے کیلیان ایمباپے اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ 4،4 گولز کے ساتھ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔

یہ بھی پرھیں:فیفا ورلڈ کپ ،کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اور تاریخ رقم کر دی

ٹورنامنٹ میں گولز کی غیر معمولی رفتار نے اس امکان کو بھی مضبوط کر دیا ہے کہ اس بار گولڈن بوٹ جیتنے کے لیے 2 ہندسوں میں گولز درکار ہو سکتے ہیںجو ورلڈ کپ کی تاریخ میں انتہائی کم مواقع پر دیکھنے میں آیا ہے۔

امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلے جارہے فیفا ورلڈ کپ 2026 میں گولڈن بوٹ کی دوڑ اب تک کی دلچسپ ترین دوڑ بنتی جا رہی ہے، جہاں دنیا کے بڑے اسٹارز ایک دوسرے کو پیچھے چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

دو میچوں کے بعد ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی 5 گولز کے ساتھ سب سے آگے ہیں جب کہ کیلیان فرانس کے ایمباپے اور ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ 4،4 گولز کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

جرمنی کے ڈینیز اونداو 3 گولز کر چکے ہیں جب کہ کینیڈا کے جوناتھن ڈیوڈ نے قطر کے خلاف ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے بعد اپنے گولز کی تعداد بھی 3 کر لی ہے۔

اس کے علاوہ مزید 20 کھلاڑی ایسے ہیں، جنہوں نے ابتدائی دو میچوں میں دو، دو گول کیے ہیں۔ ان میں انگلینڈ کے ہیری کین، پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو، برازیل کے ونیسیئس جونیئر اور اسپین کے میکل اویارزابال بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پرھیں:فیفا ورلڈکپ: فرانس عراق کو 0-3 سے شکست دیکر ناک آؤٹ مرحلےمیں پہنچ گیا

ورلڈ کپ 2026 میں اب تک ہونے والی گول اسکورنگ کی رفتار کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس مرتبہ گولڈن بوٹ جیتنے کے لیے ممکنہ طور پر 10یا اس سے زیادہ گولز درکار ہوں گےجو ورلڈ کپ کی تاریخ میں انتہائی کم مواقع پر دیکھنے میں آیا ہے۔

ورلڈ کپ کی تاریخ میں اب تک صرف 3 کھلاڑی ایسے گزرے ہیں جنہوں نے ایک ہی ایڈیشن میں 10 یا اس سے زیادہ گولز اسکور کیے۔

1954 کے ورلڈ کپ میں ہنگری کے سینڈور کوچیش نے یہ کارنامہ انجام دیا، 1958 میں فرانس کے جسٹ فونٹین نے ایک ہی ٹورنامنٹ میں 13 گولز کرکے عالمی ریکارڈ بنایا، جو انہوں نے صرف 6 میچوں میں بنایا تھا اور آج بھی قائم ہے جبکہ 1970 کے ورلڈ کپ میں جرمنی کے گیرڈ مولر بھی دو ہندسوں میں گولز کرنے والے کھلاڑیوں میں شامل تھے۔

2026 ورلڈ کپ میں پہلی بار 48 ٹیمیں شریک ہیں، جس کے باعث سیمی فائنل تک پہنچنے والی ٹیموں کو 8 میچ کھیلنے کا موقع ملے گا، یوں گولز کے نئے ریکارڈ بننے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ ہیں۔

یہ بھی پرھیں:فیفا ورلڈ کپ،لیونل میسی سب سے زیادہ گول کرنے والے فٹبالر بن گئے

2006 کے جرمنی ورلڈ کپ اور 2010 کے جنوبی افریقا ورلڈ کپ میں صرف پانچ گولز کے ساتھ گولڈن بوٹ جیتی گئی تھی، اس کے علاوہ گزشتہ 13 ورلڈ کپ ایڈیشنز کے دوران کوئی بھی کھلاڑی 8 سے زیادہ گولز اسکور نہیں کر سکا۔

اس عرصے میں صرف 2 کھلاڑی 8 گولز کرنے میں کامیاب ہوئے، جن میں برازیل کے رونالڈو نے 2002 کے ورلڈ کپ میں جب کہ فرانس کے کیلیان ایمباپے نے 2022 کے قطر ورلڈ کپ میں یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔