مظفرآباد:آئی جی پولیس آزاد کشمیر کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا ہے کہ الحمداللہ آزادکشمیر کے تما م انٹری پوائنٹس کھلے ہیں ، مظفرآباد اور میرپورمیں معمولات زندگی بحال ہے، راولاکوٹ میںکالعدم ایکشن کمیٹی نے دھرنا دیا ہوا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق راولاکوٹ میں مسلح شرپسند موجود ہیں جو وقتاً فوقتاً فورسز پر فائرنگ کرتے ہیں، پولیس اہلکار وفورسز عوام کے تحفظ کیلئے پرعزم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم ایکشن کمیٹی دھرنا ختم کرے ، مولانا فضل الرحمان ،ثالثی کی اپیل قبول کرلی
انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلا رہے ہیں ، میری عوام سے اپیل ہے کہ ہم اپنے سوشل میڈیا پیج پر روزنہ اپ ڈیٹ دیتے ہیں، عوام کسی کی بھی افواہ پر کان نہ دھریں۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ ہم سے رابطہ کررہے ہیں کہ ہم کسی بھی وجہ سے دھرنے میں شامل ہوئے تھےلیکن جب مسلح لوگ آئے اور پولیس وفورسز کی گاڑیوں پر فائرنگ کی گئی اور لوگوں کو شہید کیا گیا جس پر انہوں نے واپسی کی اپیل کی جس پر پولیس نے انہیں سہولت دی ہے۔
کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک کا کہنا تھا کہ کچھ بچے پرامن احتجاج کیلئے تھے پولیس نےا ن کو والدین کے حوالے کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے چند لوگوں نے عوامی حقوق کےنام پر حالات خراب کرنے کی کوشش کی اوریہ لوگ جو نتائج چاہتے تھے وہ نہیں ملےجس پر وہ پھر شرپسند ی کرنے کی کوشش کرتے ہیں، آزادکشمیر کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے انکا ایجنڈا مسترد کیا۔
انہوں نے کہا کہ 572شرپسند گرفتار ہوچکے ہیں اور سابق مقدمات کے 34لوگ بھی گرفتار کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے وقت کیلئے میر اواضح پیغام ہے کہ پولیس عوام کے تحفظ کیلئے ہے، ہم کسی شرانگیز جتھے کو عوام امن وسکون تباہ نہیں کرنے دینگے، پولیس ہر وقت تیا ر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے کور ممبر افتخار محمود کا بھی لاتعلقی کا اعلان
انہوںنے کہا کہ محرم الحرام کا ماہ چل رہا ہے اور اس دوران جلوسوں ومجالس کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، ہمارے لئے عوام ، ان کی جان ومال ، عبادات کا تحفظ بہت ضروری ہے، اس کیلئے ہم کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔
آئی جی آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ ہمارے پرامن عوام وفورسز کو حفظ وامان میں رکھے اور مٹھی بھر شرپسندوں کو ہدایت دے۔




