مظفرآباد میں حالیہ غیر یقینی حالات اور انٹرنیٹ کی بندش کے باعث پیدا ہونے والے معاشی تعطل کو دور کرنے کے لیے حکومت نے بڑا قدم اٹھا لیا ہے۔ تمام کمرشل بینکوں، محکمہ خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل (AG) آفس کو ہنگامی بنیادوں پر انٹرنیٹ کی خصوصی سہولت فراہم کر دی گئی ہے تاکہ ریاست کے مالیاتی پہیے کو رواں رکھا جا سکے اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ذرائع کے مطابق حالیہ سنگین حالات کے پیشِ نظر مالیاتی امور، بجٹ کی منتقلی اور سرکاری ادائیگیوں میں ممکنہ رکاوٹوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بالا حکام نے متعلقہ اداروں کو فوری طور پر ضروری انٹرنیٹ سہولیات فراہم کرنے کی سخت ہدایت جاری کی تھی۔ ان احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے اب کمرشل بینکس، محکمہ خزانہ اور اے جی آفس کے درمیان آن لائن نیٹ ورک اور ڈیجیٹل رابطہ بحال کر دیا گیا ہے، جس سے مالیاتی بحران کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا ورلڈ کپ:محمد صلاح کا جادو چل گیا، مصر نے نیوزی لینڈ کو ہرا کر تاریخ بدل ڈالی
تنخواہوں، پنشن اور دیگر مالیاتی امور کی بروقت ادائیگی یقینی:
متعلقہ سرکاری حکام کا اس اہم پیش رفت پر کہنا ہے کہ اس ہنگامی اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری ملازمین کی ماہانہ تنخواہوں، معمر پنشنرز کی پنشن اور دیگر ناگزیر سرکاری ادائیگیوں کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔ انٹرنیٹ کی بحالی سے جہاں ہزاروں ملازمین کے گھروں کے چولہے جلتے رہیں گے، وہی ریاست کے مجموعی مالیاتی نظام کو معمول کے مطابق چلانے اور بینکنگ ٹرانزیکشنز کو بلا تعطل جاری رکھنے میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔




