پاکستان کا امریکہ ،ایران مذاکرات میں مصالحتی کردار قابل تحسین رہا،قطر

وزارتِ خارجہ قطر کے ترجمان ڈاکٹر ماجد بن محمد الانصاری نے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے آبنائے ہرمز میں جنگ بندی اور جہاز رانی کی آزادی کی بحالی کیلئے قطر کے بھرپور تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

جنیوا میں مفاہمت کی یادداشت (MoU) پر دستخط کے موقع پر انہوں نے لبنان کی خودمختاری کوسرخ لکیر قرار دیا اور غزہ میں جنگ بندی کیلئے جاری مصالحتی کوششوں کو تیز کرنے پر زور دیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:محرم الحرام کا آغاز، تشیع کمیونٹی آزادکشمیر کی عوامی ایکشن کمیٹی سے احتجاج موخر کرنے کی اپیل

قطری وزیراعظم کے مشیر اور وزارتِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا ہے کہ قطر امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں میں پاکستان کی قیادت میں ہونے والی ثالثی کی حمایت کر رہا ہے اور پاکستانی کوششوں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔

ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر ماجد الانصاری نے کہا کہ اس عمل میں قطر پاکستانی قیادت میں قائم ثالثی ٹیم کا حصہ ہے اور پاکستان کی سفارتی کاوشوں کی مکمل تائید کرتا ہے۔

انہوں نے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس مقام تک پہنچانے میں پاکستان کے کردار کی تعریف کرنی چاہیے، اور مستقبل میں بھی امریکا اور ایران کے درمیان مرکزی ثالث کے طور پر پاکستان اہم کردار ادا کرے گا۔

قطری ترجمان نے مزید کہا کہ قطر خطے کے امن و استحکام اور سلامتی کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو انتہائی سنجیدگی سے لیتا ہے۔ ان کے مطابق علاقائی سلامتی کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے قطر تعمیری سفارت کاری اور مذاکراتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

مزید یہ بھی پڑھیں:کشمیر تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ،مظاہرین میں چُھپے کئی کردار اور انکے مقاصد سامنے آچکے ،سکیورٹی ذرائع

ڈاکٹر ماجد الانصاری کے بیان کو پاکستان کی سفارتی کامیابی اور خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے کردار کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جہاں اسلام آباد امریکا اور ایران کے درمیان اعتماد سازی اور مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ثالثی کردار ادا کر رہا ہے۔