آزادکشمیر میں انتخابات ملتوی کرنا غیر آئینی ہوگا،طارق فضل کا اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو ملتوی کیا جانا غیر آئینی ہوگا۔ 27جولائی پولنگ ڈےہے، آزاد کشمیرمیں انتخابات کا شیڈول کسی کی خواہش پر جاری نہیں ہوا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق( ن) لیگ سے مشاورت نہیں کی۔آزاد کشمیرمیں انتخابات کا شیڈول جاری ہوچکا، 27 جولائی پولنگ ڈےہے، انتخابات کا شیڈول کسی کی خواہش پر جاری نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:انتخابات27 جولائی کو ہی ہوں گے، الیکشن کمیشن نے قیاس آرائیاں مسترد کر دیں

آزاد کشمیر کے آئین کے مطابق یہ انتخابات ہو رہے ہیں، 4 اگست ہمارے پاس آخری تاریخ ہے، جس سے پہلے انتخابات ہونے ہیں۔ اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے 45 دن قبل یہ شیڈول دیا جاتا ہے، موجودہ اسمبلی نے 3 اگست کو حلف اٹھایا تھا، 4 اگست سے قبل ہر صورت انتخابات ہونے ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر کے انتخابات کو ملتوی کیا جاتا ہے تو وہ غیر آئینی ہوگا، الیکشن ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی تاریخ کو آگے کیا جاسکتا ہے، مسلم لیگ (ن) چاہتی ہے آزاد کشمیر میں الیکشن برقت ہوں تاخیر نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن مظفرآباد ڈویژن میں حالات نارمل ہیں، صرف راولاکوٹ میں کشیدگی پائی جاتی ہے، جن قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے وہ باعث افسوس ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مہاجرین کی 12 نشستوں پر انتخابات شفاف بنائیں گے: سید نظیر الحسن گیلانی

اُن کا کہنا تھا کہ کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی جو 12 نشستوں کا نعرہ لگا رہی ہے وہ سیاسی بات ہے، کمیٹی کو حکومت آزاد کشمیر نے کالعدم قرار دیا ہے، وہ دھرنا ختم کریں۔دھرنے ختم ہوں تو ہم دیکھتے ہیں صورتحال کو کیسے معمول پر لاسکتے ہیں۔