موجودہ صورتحال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پیدا کردہ ، مل بیٹھنا ہوگا،قائم مقام صدرآزاد کشمیر

آزاد کشمیر کے قائم مقام صدر چوہدری لطیف اکبرنے کہا ہے کہ آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پیدا کردہ ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں چوہدری لطیف اکبر کا کہنا تھاکہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل راٹھور کالعدم ایکشن کمیٹی کے شوکت نواز میر کے گھر گئے، بیٹھ کرمعاملات حل کرنےکی بات کی، وزیراعظم نےایک ہفتے کا وقت مانگاتاکہ بیٹھ کر بات کی جائے لیکن شوکت نواز نہیں مانے۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی شہ پر ریاست مخالف بیانات دینے والے بھائی سے میرا کوئی تعلق نہیں،اکرام اللہ

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال کالعدم ایکشن کمیٹی کی پیدا کردہ ہے، سیاسی جماعتوں اور حکومت کی کوشش ہےکہ معاملے کوڈائیلاگ سےحل کیاجائے، بلاول بھٹو زرداری نےبھی ڈائیلاگ کرنے کی بات کی۔

لطیف اکبر کا کہنا تھاکہ آزاد کشمیر حکومت ایکشن کمیٹی سے بات کرنے کےلیے تیار ہے، تمام اسٹیک ہولڈر مل بیٹھ کر مسئلےکو حل کرنےکی کوشش کریں، ایران اور امریکا نےبھی بیٹھ کر بات چیت کی۔

انہوں نے کہا کہ منگل کو اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم اور دیگر ارکان پالیسی بیان دیں گے، ن لیگ بھی صورتحال پر بیٹھ کر بات چیت کرنے کا کہہ رہی ہے۔

بھارت کو کشمیر کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا موقع نہیں دیناچاہتے، ایکشن کمیٹی سےاپیل ہےکہ مل بیٹھیں اور معاملےکا حل نکالیں۔

یہ بھی پڑھیں:کالعدم ایکشن کمیٹی دکانیں کھولنے والے غریب تاجروں کو سوشل میڈیا کے ذریعے ہراساں کرنے لگی

دوسری جانب سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھاکہ آزاد کشمیرکی موجودہ صورتحال تکلیف دہ اور تشویش کا باعث ہے، کچھ عرصے سےآزاد کشمیرمیں افراتفری کی صورتحال ہے، صورتحال کو بہت سنجیدگی سےسلجھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھانے پینے کی قلت نہیں ہونی چاہیے، آزاد کشمیرمیں ٹورازم بحال ہونا چاہیے، آزاد کشمیر میں انتخابی عمل رکنا نہیں چاہیے ،بروقت انعقاد ہونا چاہیے۔