دنیا کے سب سے اونچے پولو گراؤنڈ شندور میں کھیلا جانے والا مشہور شندور پولو فیسٹیول 2026′ ایک انتہائی سنسنی خیز اور یادگار مقابلے کے بعد اختتام پذیرہو گیا ہے ۔
اس بار فائنل میچ میں روایتی حریفوں گلگت بلتستان اور چترال کے درمیان کانٹے کا مقابلہ دیکھنے کو ملا ۔ ایک انتہائی دلچسپ اور اعصاب شکن کھیل کے بعد، گلگت بلتستان کی ٹیم نے چترال کو 5 کے مقابلے میں 6 گول سے ہرا کر فیسٹیول کی چیمپیئن ٹرافی اپنے نام کر لی ۔
گلگت بلتستان نے پورے 13 سال کے طویل عرصے کے بعد چترال کو شکست دے کر یہ تاریخی ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا ہے ۔
میچ کا آغاز بہت دھماکے دار اور تیز تھا۔ کھیل کے پہلے ہاف میں چترال کی ٹیم کا پلہ بھاری رہا اور انہیں گلگت بلتستان پر 4 کے مقابلے میں 5 گول کی واضح برتری حاصل تھی ۔
چترال کی اس مضبوط پوزیشن کو دیکھ کر ایسا لگ رہا تھا کہ میچ ان کے ہاتھ میں ہے، لیکن دوسرے ہاف میں کہانی بالکل بدل گئی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے والوں کیلئے ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں : چیئرمین پی سی بی
گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں نے ہار ماننے کے بجائے شاندار واپسی کی اور بہترین حکمتِ عملی کے ساتھ ایک کے بعد ایک کئی گول داغ د ئیے ۔
اس زبردست کھیل کی بدولت انہوں نے نہ صرف چترال کی برتری کو ختم کیا بلکہ میچ کا پانسہ پلٹ کر فتح اپنے نام کر لی ۔
اس تاریخی فائنل میچ کے مہمانِ خصوصی کور کمانڈر الیون، لیفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری تھے ۔ انہوں نے پولو گراؤنڈ میں روایتی انداز کے مطابق گیند پھینک کر فائنل میچ کا باقاعدہ افتتاح کیا ۔
اس موقع پر سول اور عسکری محکموں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ ان کے علاوہ ملک کے کونے کونے اور بیرونِ ملک سے آئے ہوئے سیاحوں اور پولو کے شوقین افراد کی ایک بہت بڑی تعداد وہاں موجود تھی، جنہوں نے کھلاڑیوں کی خوب حوصلہ افزائی کی ۔
میچ کا وقت ختم ہوتے ہی گلگت بلتستان کے کھلاڑیوں اور مداحوں نے خوشی سے جھومتے ہوئے، روایتی رقص کر کے اپنی جیت کا جشن منایا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ، میکسیکو کے بعد کینیڈا میں شاندار افتتاحی تقریب، پہلا میچ برابر ہوگیا
یہاں آئے ہوئے تمام سیاح شندور کے اس خوبصورت، تاریخی اور ثقافتی رنگوں سے بھرپور میلے کو دیکھ کر بہت خوش ہوئے اور انہوں نے اس شاندار مقابلے کی خوب تعریف کی ۔



