محسن نقوی

ڈومیسٹک کرکٹ نہ کھیلنے والوں کیلئے ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں : چیئرمین پی سی بی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے کہا ہے کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلیں گے ان کے لیے ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جو کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلیں گے ان کیلئے ٹیم میں کوئی گنجائش نہیں بنتی ۔

لاہور کے ایل سی سی اے گراؤنڈ میں جاری ریڈ بال کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ٹی 20 اور ٹیسٹ کرکٹ کو بہتر بنانے کیلئے ایک نئی پالیسی تیار کر لی گئی ہے اور اب کھلاڑیوں کے سالانہ معاہدوں (سینٹرل کنٹریکٹس) کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا ۔ پیر کے دن تک کھلاڑیوں سے مشورہ کرنے کے بعد اس نئی پالیسی کو فائنل کر دیا جائے گا ۔

محسن نقوی نے واضح کیا کہ اب کھلاڑیوں کے معاہدے ان کی کارکردگی کے ریکارڈ (ڈیٹا) کو دیکھ کر کیے جائیں گے، اس لیے اب کسی کی سفارش یا مرضی نہیں چلے گی۔ انہوں نے کہا کہ بالکل صاف اور میرٹ پر ٹیم چننے کے لیے سلیکشن کمیٹی کو 15 پوائنٹس دیے گئے ہیں۔ اب صرف وہی کھلاڑی ٹیم کا حصہ رہے گا جو مسلسل اچھی کارکردگی دکھائے گا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:قومی ہاکی ٹیم کو بیلجیئم نے ایک کے مقابلے میں 7 گول سےشکست دیدی

انہوں نے مزید بتایا کہ کھلاڑیوں کو منتخب کرنے کا طریقہ بھی بدل دیا گیا ہے۔ اب سلیکشن کسی انسان کی پسند ناپسند پر نہیں بلکہ مکمل طور پر کمپیوٹر اور ڈیٹا کی مدد سے ہوگی۔ جو کھلاڑی طے شدہ معیار پر پورا نہیں اترے گا، وہ ٹیم میں نہیں آ سکے گا ۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ اب ہر کھلاڑی کے لیے ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنا لازمی ہوگا۔ کھلاڑیوں کیلئے 5 نئے درجے (کیٹیگریز) بنائے جا رہے ہیں، جن میں کھلاڑی کی جسمانی فٹنس، ڈومیسٹک میچوں کی کارکردگی اور اس کی مجموعی کھیل کو دیکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ کھلاڑی پاکستان کیلئے نہیں بلکہ صرف اپنے لیے کھیل رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے کھلاڑیوں کے لیے میچوں کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے ڈومیسٹک میچوں کی فیس (معاوضہ) بھی زیادہ کر دی گئی ہے ۔

اس موقع پرکپتان شان مسعود اور دیگر کھلاڑیوں کے مستقبل کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا فیصلہ متعلقہ حکام کریں گے، جبکہ سرفراز احمد کو ہٹانے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ: انگلینڈ نے سری لنکا کو 87 رنز سے ہرا دیا

انہوں نے مزید کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ کو بہتر بنانے کے لیے یونس خان سمیت ملک کے پرانے اور مایہ ناز کھلاڑیوں سے ملاقاتیں اور مشورے کر رہے ہیں ۔