اسلام آباد:کمشنر پونچھ سردار وحید خان نے راولاکوٹ دھرنے ختم ہونے اور مظاہرین کے منتشر ہونے کی تصدیق کر دی ہے ، احتجاجی مقامات کا کنٹرول پولیس اور رینجرز نے سنبھال لیا جبکہ دھرنے کا اسٹیج بھی ہٹا دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق کمشنر پونچھ سردار وحیدر خان نے بتایا کہ مظاہرین اپنے علاقوں کو روانہ ہوچکے ہیں،راولاکوٹ عیدگاہ، میتالمرہ اور پڑاٹ کے مقام پر دیئے گئے دھرنے ختم ہوچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے دھرنے ختم، سینئر صحافیوں کی تصدیق
کمشنر پونچھ کے مطابق پولیس کے فلیگ مارچ کے بعد مظاہرین احتجاج چھوڑ کر چلے گئے، انتظامیہ ،اداروں، فورسز کی حکمت عملی سے باعث امن وامان کی صورتحال قابو میں رہی اور معمولات زندگی بحال ہو رہے ہیں۔
کمشنر پونچھ نے واضح کیا ہے کہ جو قانون ہاتھ میں لے گا اس کیخلاف ایکشن ہوگا، کسی کوریاستی رٹ چیلنج کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔
یاد رہے کہ کشمیر ڈیجیٹل نے 3گھنٹے قبل ہی دھرنے ختم ہونے کی خبر دی تھی جس کی تصدیق سینئر صحافیوں خواجہ کاشف میر اور ریاض شاہد نےکی تھی۔
راولاکوٹ میں رات گئے کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن نے اپنے دونوں دھرنے جودریک اور گوئی نالہ روڈ پر جاری تھے اچانک خود ہی ختم کردیئے تھے جس کی تصدیق راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی ریاض شاہد نے کی تھی۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکمت عملی کے تحت کارکن آگے پیچھے ہوئے ہیں تو انکا کہنا تھا کہ دھرنے فی الحال ختم ہوچکے ہیں باقی حکمت عملی کا ہم کیا کہہ سکتے ہیں۔
راولاکوٹ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی خواجہ کاشف میر کے مطابق مقامی شہریوں نے بھی دونوں مقامات سے تصدیق کی ہے کہ عیدگاہ دریک اور متیالمرہ اب مکمل خالی ہیں اور تمام مظاہرین جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ میرپور، ڈڈیال، کوٹلی، بھمبر اور پلندری سے مظفرآباد کیلئے نکلنے والے قافلے رات کو راولاکوٹ شہر سے پہلے ہی رک گئے تھے جہاں عمر نذیر کشمیری اور دیگر نے خطاب کیا تھا اور سینئر صحافی ریاض شاہد نے ہی یہ خبر دی تھی کہ لانگ مارچ راولاکوٹ شہر میں داخل نہیں ہوگا فی الحال یہاں پڑائو ڈالا جائیگا۔
گزشتہ رات سے دو الک مقام پر دھرنے دیئے گئے تھے جو آج رات کو بغیر کسی اعلان کے ختم کردیئے گئے اور ذرائع کے مطابق لوگ وہاں سے روانہ ہوچکے ہیں ،دھرنوں کے پرامن اختتام کوبڑی پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا پرتشدد احتجاج ؛ شریک افراد کی نگرانی، فہرستیں مرتب کی جانے لگیں
ادھر کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی خدشات اور فورسز کی جانب سے ممکنہ آپریشن کے پیش نظر شرکاء کو مختلف مقامات پہ پھیل جانے کی ہدایت کی گئی جس کے وجہ سے گراؤنڈ خالی ہو گیاہے، عوام مختلف ایریا میں پھیل گئے ہیں اور ریسٹ کر رہے ہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کا دعویٰ ہے کہ مارچ ختم نہیں ہوا بلکہ حکمت عملی سے لوگوں کو کسی بھی خطرے یا تشدد سے بچانے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے صبح اگلے لائحہ عمل کا اعلان اسی گراؤنڈ میں کیا جائی گا احباب پروپیگنڈوں پہ دھیان نہ دیں۔ہم پوری طاقت سے لڑیں گے فتح سچ کی ہوگی عوام کی ہو گی۔




