بجٹ 10جون کو پیش ہوگا،ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں اتفاق

پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والے اجلاس میں وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کرنے پر اتفاق کرلیا گیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کے ہمراہ آئندہ وفاقی بجٹ سے قبل معمول کے پری بجٹ مشاورتی عمل کے تحت پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت کے ساتھ اہم اجلاس کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف مذاکرات: نئے بجٹ میں امپورٹ ڈیوٹی اور ٹیکسز میں بڑی کمی کا امکان

اجلاس میں جاری اخراجات اور ترقیاتی فنڈز کی ترجیحات پر تفصیلی غور کیا گیا، جن میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) بھی شامل تھا۔

اس کے علاوہ مالی سال 27-2026 کے لیے وسیع تر معاشی ترجیحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں مالیاتی استحکام، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات، ترقیاتی منصوبے اور جامع معاشی ترقی شامل ہیں۔

اجلاس کے شرکا نے متفقہ طور پر وزیراعظم شہباز شریف کو یہ سفارش کرنے پر اتفاق کیا کہ مالی سال 27-2026 کا وفاقی بجٹ بدھ 10جون 2026 کو پیش کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ2026-27:مزدوروں کی ماہانہ تنخواہ 45 ہزار روپے مقرر کرنے کی تجویز

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر آبپاشی سندھ جام خان شورو، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سمیت متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے دیگر سینئر حکام شریک ہوئے۔