عالمی ہیلتھ ایمرجنسی : پاکستانی ایئرپورٹس پر ایبولا وائرس کی اسکریننگ سخت

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) عالمی ادارہ صحت نے کانگو اور یوگنڈا میں پھیلنے والے ایبولا وائرس کو عالمی ایمرجنسی قرار دے دیا۔

عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کے اعلان کے بعد ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر اسکریننگ کے عمل کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل راٹھور کا بڑا وار، اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے تمام داخلی راستوں پر فوری حفاظتی پروٹوکول نافذ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

سربراہِ وفاقی وزارتِ صحت کے مطابق، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے ایبولا وائرس کو بین الاقوامی سطح پر تشویش کا باعث بننے والی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دیے جانے کے تناظر میں، پاکستان نے ملک بھر کے ائیرپورٹس پر نگرانی اور اسکریننگ کے اقدامات کو تیز کر دیا ہے۔

وزارت برائے قومی صحت، ضوابط اور ہم آہنگی نے ہفتے کے روز بتایا کہ وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے تمام متعلقہ حکام کو ائیرپورٹس پر اسکریننگ کے سخت حفاظتی طریقہ کار پر عمل درآمد یقینی بنانے کا حکم دیا ہے تاکہ ملک کو اس وائرس کے کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔

وزارتِ صحت نے واضح کیا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹوں کے مطابق ایبولا کا موجودہ پھیلاؤ اس وقت صرف افریقی ممالک کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی قیادت سے ملاقاتیں حوصلہ افزا ہیں،آئی ایس پی آر

اب تک افریقہ سے باہر اس کا کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ اس سلسلے میں افریقی ممالک کا سفر کرنے والے مسافروں کو روانگی سے قبل سفری اور طبی ہدایات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان یا اس کے ہمسایہ ممالک میں ماضی میں کبھی بھی ایبولا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا اور متاثرہ افریقی ریاستوں کے ساتھ محدود سفری روابط کے باعث پاکستان کو اس کا خطرہ انتہائی کم ہے۔

تاہم، عالمی ادارہ صحت کی جانب سے نگرانی بڑھانے کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ملک بھر میں مانیٹرنگ اور تیاریوں کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، حالانکہ فی الوقت کسی قسم کی سفری پابندیاں تجویز نہیں کی گئیں۔