چین میں کوئلے کی کان میں خوفناک دھماکا، 82 مزدور جاں بحق، درجنوں لاپتہ!

چین کے شمالی صوبے شانزی میں کوئلے کی ایک کان میں گیس کا ہولناک دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 82 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

حادثے کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کر دی گئی ہے اور لاپتہ ہونے والے دیگر کارکنوں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔

عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ افسوسناک اور دلدوز واقعہ شانزی صوبے کی کنیوان کاؤنٹی میں واقع ‘لیوشینیو کوئلے کی کان’ میں پیش آیا۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ جس وقت کان کے اندر گیس کا یہ شدید دھماکا ہوا، اس وقت مجموعی طور پر 247 مزدور زمین کے نیچے گہرائی میں اپنے فرائض کی انجام دہی اور کھدائی کے کام میں مصروف تھے، جو دھماکے کی زد میں آ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال: پائیدار دوستی کی شاندار مثال بن گئے: صدر، وزیراعظم

متاثرہ کان میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی چینی انتظامیہ نے فوری ایکشن لیا اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو بلا تاخیر جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو اہلکار جدید آلات کے ساتھ کان کے اندر داخل ہو چکے ہیں اور ملبے تلے دبے یا لاپتہ ہونے والے کارکنوں کو باحفاظت باہر نکالنے کے لیے سخت جدوجہد کی جا رہی ہے۔

امدادی ٹیموں کی جانب سے ریسکیو آپریشن کے ساتھ ساتھ اس ہولناک سانحے کی مکمل شدت کا اندازہ بھی لگایا جا رہا ہے، کیونکہ اب بھی کئی مزدوروں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔ چینی حکام کے مطابق، ترجیحی طور پر انسانی جانوں کو بچانے پر توجہ دی جا رہی ہے، جس کے بعد واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: پاک چین دوستی کے 75 سال مکمل: قومی اسمبلی میں تاریخی متفقہ قرارداد منظور