محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ موسمیاتی صورتحال کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کرنے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ:
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ الرٹ کے مطابق آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد، گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامیر، استور اور غذر سمیت پہاڑی اور بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث سیلابی صورتحال، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلیں پھٹنے (GLOF) کے خطرات انتہائی بڑھ گئے ہیں۔ اس دوران قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ اسکردو روڈ سمیت اہم ترین رابطہ شاہراہوں کی بندش کا شدید خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: تپتی دھوپ یا بارش؟آزادکشمیر میں عیدالاضحیٰ پر موسم کیسا رہے گا
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آندھی اور بارش کا امکان:
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بالائی اور زیریں اضلاع میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے۔ صوبے کے مختلف علاقوں جن میں دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، چترال، کالام، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد، مانسہرہ اور پشاور شامل ہیں، وہاں تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ صوابی، مردان، مالاکنڈ، پاڑہ چنار، کرم اور وزیرستان میں بھی آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران صوبے کے بالائی اضلاع میں بعض مقامات پر موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب، بلوچستان اور سندھ سمیت بڑے شہروں کی صورتحال:
ملک گیر موسمی الرٹ کے مطابق یہ موسمیاتی سسٹم صرف پہاڑی علاقوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پنجاب، بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، کراچی اور کوئٹہ سمیت ملک کے کئی اہم اور بڑے شہروں میں بارش متوقع ہے جس سے موسم میں تبدیلی آئے گی۔ تاہم، پہاڑی اور ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادیوں کو طغیانی کے خطرے کے باعث ہر وقت چوکس رہنے اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔




