مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل) بلدیاتی اداروں کیلئے مالی سال 2025-26 کے تحت ایک ارب 60 کروڑ روپے سے زائد فنڈز جاری کرنے کی منظوری دیدی۔
محکمہ لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر آزاد کشمیر کی منظوری سے یہ فنڈز ضلع کونسلوں، یونین کونسلوں، میونسپل کارپوریشنز، میونسپل کمیٹیوں اور ٹاؤن کمیٹیوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 10 ضلع کونسلوں کی 278 یونین کونسلوں کیلئے 500.400 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 2086 وارڈز پر مشتمل یونین کونسلوں کیلئے 834.400 ملین روپے جاری کئے جائیں گے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر انتخابات 2026: جمعیت علمائے جموں و کشمیر کا پی ٹی آئی سے سابقہ اتحاد ختم
اسی طرح 5 میونسپل کارپوریشنز کے 133 وارڈز کیلئے 159.600 ملین روپے، 14 میونسپل کمیٹیوں کے 77 وارڈز کیلئے 61.600 ملین روپے جبکہ 12 ٹاؤن کمیٹیوں کے 53 وارڈز کیلئے 37.100 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکومت کی جانب سے میونسپل کارپوریشنز کیلئے 6.900 ملین روپے خصوصی گرانٹ بھی منظور کی گئی ہے، جو مالی سال 2023-24 کی سیلف انکم کے معکوس تناسب کی بنیاد پر تقسیم ہوگی۔ اس گرانٹ سے مظفرآباد، راولاکوٹ، باغ، کوٹلی اور میرپور میونسپل کارپوریشنز مستفید ہوں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عوامی مطالبات پر عملدرآمد کے بعد بھی جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی احتجاج کال
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کی نشاندہی متعلقہ وارڈز اور یونین کونسلوں سے منتخب بلدیاتی نمائندے کریں گے تاکہ مقامی سطح پر عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی کام مکمل کیے جا سکیں۔
حکومت نے اس اقدام کو نچلی سطح پر اختیارات کی منتقلی اور عوامی مسائل کے حل کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔




