بھارت میں ایک نوجوان نشئی نے موبائل فون کے بلند و بالا ٹاور پر چڑھ کر نیچے اترنے کے عوض ایک انتہائی انوکھی اور عجیب و غریب فرمائش کرڈالی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ انوکھا اور حیران کن واقعہ ریاست آندھرا پردیش کے ضلع پرکاسم میں پیش آیا ہے جہاں ہنومانتھو نامی ایک مقامی نوجوان شہری موبائل فون کے ٹاور پر چڑھ گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ موبائل ٹاور پر چڑھنے کے بعد ہنومانتھو نے نیچے موجود لوگوں اور راہگیروں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے زور زور سے چیخ و پکار شروع کر دی، جس کی آواز سن کر دیکھتے ہی دیکھتے وہاں مقامی لوگوں کا ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دوبارہ للکارا تو جغرافیہ بدل کر تاریخ کا حصہ بنادینگے، خواجہ آصف نے بھارت کو خبردار کردیا
وہاں موجود عینی شاہدین کے مطابق، نوجوان نے ٹاور پر چڑھنے کے بعد نیچے کھڑے لوگوں سے نشے کی ڈیمانڈ شروع کر دی اور دھمکی آمیز انداز میں کہا کہ اگر میری بات نہ مانی گئی تو میں زمین پر آکر گر جاؤں گا، اس لیے مجھے فوری طور پر ایک پیکٹ گانجا (نشہ) لا کر دیا جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہنومانتھو ٹاور پر بہت زیادہ اونچائی پر موجود تھا، جہاں سے لوگوں نے اسے بار بار نیچے آنے کا کہا لیکن وہ ہر بار صاف انکار کر دیتا تھا اور اپنی فرمائش پر اڑا رہا۔
اس عجیب و غریب واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور ریسکیو ادارے کے اہلکار بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے۔ انتظامیہ اور ریسکیو اہلکاروں نے ٹاور کے نیچے سے نوجوان کو کسی بھی حادثے سے بچانے اور نیچے آنے پر راضی کرنے کے لیے حکمت عملی کے تحت کوششیں شروع کیں۔
مزید پڑھیں: تربت میں حملے کی خبر جھوٹ، بھارتی سازش پھر بے نقاب ہو گئی
سخت محنت اور طویل جدوجہد کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں بالآخر اس نوجوان کو ٹاور سے باحفاظت نیچے اتارنے میں کامیاب ہو گئیں۔ ٹاور سے اتارنے کے فوری بعد پولیس نے نوجوان کو طبی معائنے اور ضروری علاج معالجے کے لیے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کر دیا۔ اس حوالے سے متعلقہ حکام کی جانب سے یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ یا تو مذکورہ نوجوان کسی شدید جذباتی پریشانی کا شکار ہو سکتا ہے یا پھر وہ نشے کا شدید عادی ہے۔




