اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) پیٹرولیم قیمتوں میں ایک بار پھر ردوبدل ، پیٹرول ایک روپے مہنگا، ڈیزل کی قیمت برقرار ، نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
اوگرا کے جاری کردہ نوٹفیکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 323 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت 355 روپے فی لیٹر برقراررہے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی یہ قیمتیں 20 نومبر کے لیے ہوں گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:ارجنٹائن : فٹبال میچ کے دوران بال سر پرلگنے سے کھلاڑی ہلاک
واضح رہے کہ اوگرا کے نرخوں کے مطابق 7 نومبر کو پیٹرول کی قیمت 346 روپے اور ڈیزل کی قیمت 378 روپے فی لیٹر تھی، جو 11 نومبر کو کم ہو کر بالترتیب 338 اور 371 روپے ہو گئی۔
17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں دوبارہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر اب ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔
12 نومبر کو پیٹرول 335 اور ڈیزل 364 روپے، 13 نومبر کو پیٹرول 332 اور ڈیزل 360 روپے جبکہ 14 نومبر کو پیٹرول 330 اور ڈیزل 360 روپے فی لیٹر ہو گیا۔
17 نومبر کو پیٹرول کی قیمت مزید کم ہو کر 328 روپے اور ڈیزل کی 358 روپے رہی، جبکہ 18 نومبر کو پیٹرول 325 روپے فی لیٹر مقرر ہوا۔ اس طرح 7 سے 19 نومبر کے دوران پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 23 روپے فی لیٹر کمی ریکارڈ کی گئی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:رٹھوعہ ہریام برج پبلک ٹرانسپورٹ کیلئے کھول دیا، تقریب کا اہتمام
یاد رہے ڈیزل کی قیمت 3 اپریل کو 520 روپے 35 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد اب کم ہو چکی ہے۔
امریکہ اور ایران کے درمیان 28 فروری کو جنگ شروع ہوئی تو ڈیزل 281 روپے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، جس کے بعد اس کی قیمت میں اضافہ شروع ہوا۔
اس کے علاوہ پیٹرول کی قیمت مارچ کے پہلے ہفتے میں 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔




