راولاکوٹ (کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے سون منجھاڑی تراڑکھل سڑک منصوبے کا باقاعدہ سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔
تقریب میں سابق وزیراعظم و سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سردار تنویر الیاس خان، سابق صدر و وزیراعظم آزاد کشمیر سردار یعقوب خان، مشیر حکومت سردار احمد صغیر خان، مشیر حکومت سردار فہد یعقوب خان، ممبر کشمیر کونسل سردار عدنان سیاب خالد، سابق وزیر حکومت سردار عابد حسین عابد، سردار سعود صادق خان سمیت دیگر اہم رہنما بھی موجود تھے ۔
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور دور دراز علاقوں کو مرکزی شاہراہوں سے منسلک کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور۔۔۔۔عہدِنو کا کرشماتی معمار(قسط: 2)
انہوں نے کہا کہ سون منجھاڑی تراڑکھل سڑک کی تعمیر سے نہ صرف علاقے کے عوام کو آمدورفت میں آسانی میسر آئیگی بلکہ مقامی تجارت، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ حاصل ہوگا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خطے میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بچھانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔
مقررین نے منصوبے کو علاقہ مکینوں کا دیرینہ مطالبہ قرار دیتے ہوئے اسے حکومت کا اہم اقدام قرار دیا ۔
واضح رہے کہ 12.75 کلومیٹر طویل اس اہم شاہراہ کے لیے 906.840 ملین روپے کی لاگت کا تخمینہ منظور کیا گیا ہے جبکہ منصوبہ3 سال کی مدت میں مکمل کیا جائیگا ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو سے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی اہم ملاقات، الیکشن امور پر تبادلہ خیال
عوامی حلقوں نے منصوبے کے آغاز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے حکومت سے بروقت تکمیل یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔




