حکومت کامیرپور،بھمبر میں بغیرتصدیق واٹرسپلائی سکیم شروع نہ کرنے کا فیصلہ

میرپور (کشمیر ڈیجیٹل)وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ آزادکشمیر سردار میر اکبر خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ 

اجلاس میں میرپور اور بھمبر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پانی کے دستیاب وسائل کی تصدیق کے بغیر نئی واٹر سپلائی اسکیم شروع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

جبکہ اجلاس میں مینٹیننس بجٹ متعلقہ مقامات پر خرچ کرنے اور سٹاف کی ریشنلائزیشن کا فیصلہ کیا گیا ۔

اجلاس  میں اضلاع میرپور اور بھمبر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اسکیموں، سرکاری عمارات اور گیسٹ ہاؤسز کی ضروریات، محکمانہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

بجٹ کی ضروریات اور دستیاب افرادی قوت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیر جنگلات کرنل (ر) وقار احمد نور، وزیر ہائر ایجوکیشن اظہر صادق، چوہدری رخسار احمد ، چوہدری محمد سعید، سیکرٹیری پی پی ایچ  شایدمحی  الدین نے شرکت کی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:صبح کے وقت زیادہ دیر سونا صحت میں گراوٹ کی علامت:ماہرین

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانی کے دستیاب وسائل (Water Resources) کی مکمل جانچ اور تصدیق کے بغیر کوئی نئی واٹر سپلائی اسکیم شروع نہیں کی جائے گی تاکہ منصوبوں کی افادیت اور پائیداری یقینی بنانے کے ساتھ عوام کو پانی کی مستقل فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ مینٹیننس کے لیے مختص بجٹ متعلقہ منصوبوں اور مقامات کی ضروریات کے مطابق وہیں خرچ کیا جائے گا، تاکہ سرکاری تنصیبات اور واٹر سپلائی اسکیموں کی مؤثر دیکھ بھال اور بروقت مرمت ممکن ہو۔

اسی طرح محکمانہ کارکردگی بہتر بنانے، دستیاب افرادی قوت کے مؤثر استعمال اور دفتری و فیلڈ امور میں بہتری کے لیے سٹاف کی ریشنلائزیشن کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ تمام ترقیاتی اسکیموں کی بجٹ بریک ڈاؤن، مالی ضروریات اور عملدرآمد کے دوران درپیش مسائل و چیلنجز سے متعلقہ حلقوں کے عوامی نمائندگان اور ممبران کو مکمل طور پر آگاہ کیا جائے گا تاکہ منصوبوں کی ضروریات اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے مؤثر حکمت عملی مرتب کی جا سکے اور مسائل حل کیلئے بروقت اقدامات کئے جا سکیں۔

اجلاس میں  سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو مؤثر انداز میں چلانے، ان کی مناسب دیکھ بھال، دستیاب سہولیات میں بہتری اور آمدن و اخراجات کے بہتر انتظام کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئیں۔

وزیر فزیکل پلاننگ اینڈ ہاؤسنگ آزادکشمیر سردار میر اکبر خان نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی منصوبہ بندی اور عملدرآمد کے تمام مراحل میں عوامی نمائندگان کو اعتماد میں لیا جائے اور عوامی ضروریات کو ترجیح دیتے ہوئے منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ محکمانہ کارکردگی بہتر بنائی جائے ، دستیاب وسائل کے مؤثر استعمال اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام افسران کو اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرنی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے ۔ محکمہ کا وقار بلند کرنا ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے، اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

تمام افسران باہمی تعاون اور ذمہ داری کے ساتھ کام کریں اور عوام کی بنیادی ضروریات کو ہر صورت مقدم رکھیں،

وزیر جنگلات آزاد کشمیر کرنل (ر) وقار احمد نور نے کہا کہ سٹاف کی ریشنلائزیشن اس انداز میں کی جائے کہ دستیاب افرادی قوت کو ضروریات کے مطابق مؤثر طور پر استعمال کیا جا سکے۔

واٹر سپلائی اسکیموں اور ٹیوب ویلز کے انتظام و انصرام کو بہتر بنایا جائے ، موجودہ خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے اور اسکیموں کو مقررہ معیار کے مطابق فعال بنانے محکمہ کی اولین ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جہاں بجٹ کی ضرورت ہو وہاں ضروری وسائل فراہم کیے جائیں گے، کیونکہ بجٹ عوامی ضروریات پوری کرنے کے لیے ہوتا ہے۔

لہٰذا عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، وزیر ہائر ایجوکیشن آزاد کشمیر چوہدری اظہر صادق نے کہا کہ تمام افسران اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، محنت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں ،  ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے ۔

بلاجواز تاخیر سے عوامی مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، اس لئے افسران اپنی کارکردگی بہتر بناتے ہوئے عوام کیلئے زیادہ سے زیادہ سہولیات پیدا کریں ۔ دستیاب وسائل کو عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر انداز میں استعمال کریں۔

سابق وزیر و ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری رخسار احمد اور سابق وزیر و ممبر آزادجموں و کشمیر کونسل چوہدری محمد سعید نے بھی اجلاس میں مختلف تجاویز پیش کیں۔

اجلاس میں  دونوں محکموں کے ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اسکیموں، سرکاری عمارات، گیسٹ ہاؤسز دستیاب وسائل، سٹاف کی صورتحال اور درپیش مسائل و چیلنجز کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر مجموعی کارکردگی بہتر بنانے، عملے کی مؤثر تقسیم، جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل اور مستقبل کی ضروریات و ترجیحات کے مطابق عوامی سہولیات کی فراہمی کے امور بھی زیر غور آئے۔

اجلاس میں عوامی مفاد کے منصوبوں کو ہر دو صورت تکمیل تک پہنچانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی گئی ۔