ق لیگ

جی بی انتخابات : ق لیگ نے11 اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے

گلگت : مسلم لیگ ق نے گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے 11 اُمیدواروں کے ناموں کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے ۔

پارٹی قیادت کی جانب سے مختلف اضلاع اور حلقوں میں اُمیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں ۔ یہ فیصلے چیئرمین پارلیمانی بورڈ چوہدری سالک حسین کی منظوری کے بعد سامنے آئے جبکہ پارٹی نے انتخابی مہم میں عوامی خدمت اور ترقیاتی ایجنڈے کو اپنی ترجیح قرار دیا ہے ۔

پارٹی اعلامیے کے مطابق جی بی اے 1 گلگت سے دل فراز خان اور جی بی اے 2 گلگت سے عاصم خان کو مسلم لیگ ق کا اُمیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔

جی بی اے 3 گلگت سے محمد شریف کو ٹکٹ دیا گیا، جبکہ جی بی اے 5 نگر سے عابد حسین کو پارٹی امیدوار مقرر کیا گیا ہے ۔

ہنزہ کے حلقہ جی بی اے 6 سے خوشنور دیدار مسلم لیگ ق کی نمائندگی کریں گی، جو پارٹی کی نمایاں خاتون اُمیدوار ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان: جماعت اسلامی کے امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار

اسکردو کے حلقہ جی بی اے 8 سے محمد سکندر، شگر کے حلقہ جی بی اے 12 سے مہدی خان ، استور کے حلقہ جی بی اے 14 سے غضنفر اکرم کو ٹکٹ جاری کیا گیا ہے ۔

دیامر کے حلقہ جی بی اے 15 سے نورالحق کو پارٹی امیدوار نامزد کیا گیا، جبکہ ضلع غذر کے تین حلقوں میں بھی مسلم لیگ ق نے اپنے اُمیدوار میدان میں اتار دیے ہیں ۔

جی بی اے 19 غذر وَن سے شیر عالم، جی بی اے 20 غذر ٹو سے بختاور شاہ اور جی بی اے 21 غذر تھری سے تاجور حسین کو ٹکٹ جاری کیے گئے ہیں ۔

علاوہ ازیں جی بی اے 24 گانچھے سے شیخ الطاف کو مسلم لیگ ق کا اُمیدوار نامزد کیا گیا ہے ۔

اس موقع پرچوہدری سالک حسین نے کہا کہ ق لیگ گلگت بلتستان کے عوام کی خدمت اور خطے کی ترقی کے وژن کیساتھ انتخابات میں حصہ لے رہی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:گلگت بلتستان الیکشن،24نشستوں کیلئے 403امیدوار میدان میں کود پڑے،8خواتین بھی شامل

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پارٹی امیدوار عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے ۔