ذوالقرنین خان

سابق صدر آزاد کشمیر راجا ذوالقرنین خان خاندان سمیت (ن ) لیگ میں شامل

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)آزاد جموں و کشمیر کے سابق صدر اور معروف سیاسی رہنما راجا محمد ذوالقرنین خان نے اپنے خاندان اور قریبی ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں باقاعدہ شمولیت اختیار کر لی ۔

نجی ٹی وی کے مطابق ان کی شمولیت کو آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک اہم سیاسی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے ۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں مسلم لیگ (ن) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے حالیہ دنوں راجا محمد ذوالقرنین خان سے ملاقات کی اور انہیں پارٹی میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی تھی ۔

ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورت حال، آئندہ عام انتخابات اور خطے کی ترقی سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا تھا ۔

بعد ازاں راجا ذوالقرنین خان نے اپنے خاندان اور قریبی سیاسی رفقاء سے مشاورت مکمل کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:نیلم میں ووٹر فہرستوں کی تصدیق کل ہوگی : چوہدری اقبال حسن

شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے راجا محمد ذوالقرنین خان نے کہا کہ ان کے شریف خاندان کے ساتھ دیرینہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اور موجودہ وزیراعظم شہباز شریف نے ہمیشہ پاکستان اور آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح اور خطے کی خوشحالی کیلئے مثبت کردار ادا کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملکی استحکام اور آزاد کشمیر کی ترقی کے لیے مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے اپنا کردار ادا کریں گے ۔

راجا محمد ذوالقرنین خان کا تعلق ضلع بھمبر سے ہے اور وہ آزاد کشمیر کی سیاست میں ایک بااثر اور سینئر سیاسی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے ہیں ۔

ماضی میں وہ مختلف اہم سیاسی عہدوں پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:امسال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے: ترجمان وزارتِ مذہبی امور

سیاسی مبصرین کے مطابق ان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر آئندہ سیاسی منظرنامے پر بھی اس کے دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔