ایم ایس

ایم فل اور ایم ایس داخلے کے لیے طلبہ و طالبات کیلئےٹیسٹ لازمی قرار

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ایم فل اور ایم ایس پروگرامز میں داخلوں کے حوالے سے ایک اہم اور پالیسی سطح کا فیصلہ جاری کیا ہے ۔

نوٹیفکیشن کے مطابق موسمِ خزاں 2026ء سے ملک کی تمام سرکاری اور نجی جامعات میں داخلے صرف ایچ ای سی کی ٹیسٹنگ سروس کے تحت ہونے والے گریجویٹ ریسرچ اسسمنٹ (GRE) اور متعلقہ سبجیکٹ ٹیسٹ کی بنیاد پر کیے جائیں گے ۔

ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لیول 7 اور لیول 8 پروگرامز (یعنی ماسٹرز ریسرچ اور ڈاکٹریٹ سطح سے قبل کے اعلیٰ تعلیمی پروگرامز) کے موجودہ داخلہ نظام کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق ملک بھر میں ایک ایسا یکساں اور معیاری تشخیصی نظام ناگزیر ہو چکا تھا جو تمام اُمیدواروں کیلئے برابر مواقع فراہم کرے اور داخلہ عمل میں شفافیت کو یقینی بنائے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں عیدالاضحیٰ 27 مئی کو منائی جا سکتی ہے

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس نئے نظام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ایم فل اور ایم ایس پروگرامز میں داخلے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر ہوں اور کسی بھی یونیورسٹی کے اندر یا باہر موجود مختلف اور غیر یکساں طریقہ کار کے باعث پیدا ہونے والی پیچیدگیوں اور ممکنہ جانبداری کا خاتمہ کیا جا سکے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن تمام جامعات پر لازم ہوگا کہ وہ ایچ ای سی کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کریں اور داخلہ جات کے لیے کسی بھی پرانے یا متبادل طریقہ کار کو استعمال نہ کریں ۔

ٹیسٹ کا انعقاد ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ اُمیدواروں کی اہلیت کا فیصلہ اسی مرکزی امتحان میں حاصل کردہ کارکردگی کی بنیاد پر ہوگا ۔

ایچ ای سی نے مزید ہدایت کی ہے کہ تمام جامعات ٹیسٹ کے انعقاد، رجسٹریشن اور نتائج کی رپورٹنگ کے حوالے سے مقررہ شیڈول کی سختی سے پابندی کریں ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:آئی ایم ایف کی پاکستانی معیشت پر مثبت رپورٹ مگر خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی

اس فیصلے کے بعد ملک بھر کی جامعات میں تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ موسم خزاں 2026ء کے داخلوں کا عمل نئے نظام کے تحت مؤثر اور بغیر رکاوٹ مکمل کیا جا سکے ۔