عمان کے ساحل کے قریب مشتبہ ڈرون حملے کے بعد ایک بھارتی پرچم بردار جہاز ڈوب گیا۔
برطانوی میری ٹائم سکیورٹی فرم کے مطابق بھارتی پرچم بردار کارگو جہاز ایم ایس وی حاجی علی مشتبہ ڈرون حملے کے بعد آبنائے ہرمز کےجنوب میں عمان کے ساحل کے پاس ڈوب گیا، اس پر عملے کے 14 ارکان سوار تھے، تاہم عملے کے تمام افراد کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:باجوڑ،ماموند میں خوارج کا کرکٹ گراؤنڈ پر ڈرون حملہ، 3 افراد زخمی
بھارتی وزارت خارجہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز حملے کے بعد جہاز کے عملے کو عمانی حکام نے ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔
بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی پرچم بردار جہاز پر حملہ ناقابل قبول ہے، تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے اور خطرے میں ڈالنے سے گریز کرنا چاہیے، بحری نیویگیشن اور تجارتی آزادی میں رکاوٹ ڈالنے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
میری ٹائم سکیورٹی فرم کے مطابق یہ جہاز حال ہی میں صومالیہ سے روانہ ہوا تھا اور متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ جا رہا تھا اور اس میں مویشی لادے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:آبنائے ہرمز کے قریب بھی نہ آناورنہ طاقت کا استعمال کرینگے، ایران کی امریکہ کو وارننگ
ادارے کے مطابق عالمی توجہ اب تک زیادہ تر بڑے آئل ٹینکروں کی سکیورٹی پر مرکوز رہی ہےلیکن خطے میں جاری کشیدگی کے باعث چھوٹے بحری جہاز بھی تیزی سے خطرات کی زد میں آ رہے ہیں۔




