اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سےوزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی زرداری ہاؤس اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی، ملاقات میں آزادکشمیر الیکشن صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کو کشمیری عوام سےکئے گئے وعدے پورے کرنے اورآئندہ انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کردی ۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورت حال اور وہاں جاری عوامی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیر: عید قربان قریب: حکومت کا تنخواہ اور پنشن ادائیگی کا فیصلہ
گفتگو کے دوران چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام سے کیے گئے وعدوں کی تکمیل کی خاطر انہیں وزیراعظم کی ذمہ داری سونپی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری عوام سے کیے گئے وعدے ایک امانت کی حیثیت رکھتے ہیں اور پیپلز پارٹی امانت میں خیانت کرنے پر یقین نہیں رکھتی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:آزادکشمیرالیکشن، ٹکٹوں کی تقسیم ،پیپلزپارٹی کا پارلیمانی بورڈتشکیل
بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کو ہدایت جاری کی کہ وہ عوامی وعدوں کو فی الفور مکمل کریں اور اپنی تمام تر توجہ اگلے انتخابات کی تیاریوں پر مرکوز کریں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے آزادکشمیر الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کی چھانٹی کیلئے پیپلزپارٹی کا پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا ہے ۔




