اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) صدر استحکامِ پاکستان پارٹی آزاد کشمیر اور سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے سابق ممبر اسمبلی اور جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سردار حسن ابراہیم خان نے اہم ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، خطہ پونچھ میں سیاسی سرگرمیوں کے فروغ اور ریاست کی تعمیر و ترقی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:کیپٹن حسین خان شہید کا تحریک آزادی میں کردار ناقابل فراموش ہے، سردار تنویر الیاس
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے بانی صدر ریاست اور غازیٔ ملت سردار محمد ابراہیم خان کی سیاسی بصیرت، قومی و ملی خدمات اور ان کے فکری و نظریاتی ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
ملاقات میں پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وابستگی، تحریکِ آزادی کشمیر کی تکمیل، ریاست جموں و کشمیر کی آزادی اور تکمیلِ پاکستان کے قومی نصب العین سے وابستگی کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم سردار تنویرالیاس کا میر تقی میر کے شعر کاانتخاب ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ ریاست کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے حل اور خطے میں مثبت سیاسی عمل کے فروغ کے لیے باہمی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔




