انگلینڈ کی سابق مایہ ناز وکٹ کیپر سارہ ٹیلر نے کرکٹ کی تاریخ میں ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ہے، انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والی آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے انگلینڈ کی مینز ٹیم کا فیلڈنگ کوچ مقرر کردیا گیا ہے۔
انگلینڈ مینز کرکٹ کے ڈائریکٹر روب کی نے لارڈز ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کے اعلان کے ساتھ ہی سارہ ٹیلر کی تقرری کی تصدیق کی۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ کا آغاز،ہاکی ٹورنامنٹ کا بھی اعلان
سارہ ٹیلر یہ ذمہ داری کارل ہاپکنسن کی جگہ مختصر مدت کے لیے سنبھالیں گی، جو اس وقت آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے ساتھ اپنی وابستگی کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔
یہ تقرری کسی بھی خاتون کوچ کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہے کہ کوئی خاتون کوچ کسی سینئر مینز انٹرنیشنل ٹیم کے ساتھ کام کرے گی۔
روبکی کا کہنا ہے کہ سارہ ٹیلر اپنے شعبے کی بہترین ماہر ہیں اور انہوں نے اس سے قبل اینڈریو فلنٹوف کے ساتھ انگلینڈ لائنز کے اسکواڈ میں بھی بہترین کام کیا ہے۔
انگلینڈ کی حالیہ ایشیز سیریز میں ناقص فیلڈنگ اور 11 کیچز گرانے کے بعد ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے پیش نظر ٹیلر کی مہارت سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سالانہ ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان کی تنزلی، کس پوزیشن پر ہے؟
226 بین الاقوامی میچز کا تجربہ رکھنے والی سارہ ٹیلر اس سے قبل سسیکس اور مانچسٹر اوریجنلز جیسی مردوں کی ٹیموں کے ساتھ بھی کوچنگ کے فرائض انجام دے چکی ہیں۔
ان کی شمولیت سے انگلینڈ کے فیلڈنگ یونٹ میں بہتری کی قوی امید کی جارہی ہے۔



