مظفرآباد:محکمہ سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام آزاد کشمیر انڈر 23 فٹ بال چیمپئن شپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب خورشید الحسن خورشید فٹ بال اسٹیڈیم مظفرآباد میں منعقد ہوئی، جس کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری سپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب تھے۔
اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل سپورٹس ملک شوکت حیات، ڈائریکٹر یوتھ اینڈ کلچر محمد نعمت اللہ عباسی، ڈائریکٹر سپورٹس افتخار صادق، صدر آل آزاد کشمیر فٹ بال ایسوسی ایشن مرزا امتیاز سمیت محکمہ سپورٹس کے افسران، فٹ بال ایسوسی ایشن کے عہدیداران ،کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیکرٹری سپورٹس انصر یعقوب نے فٹ بال کو کک لگا کر ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔
یہ بھی پڑھیں: فٹبال ورلڈ کپ ، فیفا نے ایرانی ٹیم کو بڑی پیشکش کردی
چیمپئن شپ میں آزاد کشمیر کے 10 اضلاع کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ میچز 10 سے 14 مئی تک مظفرآباد میں کھیلے جائیں گے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر انصر یعقوب نے کہا کہ جن معاشروں میں کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں وہاں ہسپتال ویران ہو جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں کمی کے باعث بچوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے، لہٰذا اس نوعیت کے ٹورنامنٹس نہ صرف صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ نوجوانوں میں اسپورٹس مین سپرٹ بھی پیدا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور مختلف اضلاع میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کی سطح پر باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد ناگزیر ہے تاکہ نئی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان اسٹریٹ چائلڈ فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے تیار
انہوں نے واضح کیا کہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو میرٹ کی بنیاد پر آگے لایا جائے گا اور انہیں قومی سطح تک رسائی دلانے کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سیکرٹری سپورٹس نے اعلان کیا کہ فٹ بال ٹورنامنٹ کے بعد جون میں راولاکوٹ میں ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جائے گا۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹورنامنٹ کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کریں اور نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کر کے صحت مند معاشرے کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔



